• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے، رضا ربانی

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے مبینہ طورپر انتخابی امیدواروں کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی وجہ سے انتخابات کے انعقاد میں تاخیریا ان میں مداخلت کا نتیجہ وفاق کے لئے خطرات کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے قومی اخبارات کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ نیکٹا کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو خطرات کی اطلاع مرکزی حکومت کو دی گئی ہے۔ اس سے قبل سیکرٹری الیکشن کمیشن سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بھی اس طرح کا بیان دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ عرصے میں کئی جلوسوں اور پارٹی دفاتر پر حملے ہوئے ہیں ۔ مرکزی حکومت کو اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ آئین اور انتخابی ایکٹ 2017ءکے تحت حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پارٹیوں کی جانب سے الیکشن مہم کسی خطرے اور کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنا ایک اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو ان شرائط کو بھی واضح کرنا چاہیے جس کے تحت پولنگ اسٹیشنوں پر ساز گار ماحول برقرار رکھنے کے لئے ذمہ داری پاک فوج کے سپرد کی گئی ہے۔

تازہ ترین