• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوف ہے اٹھارہویں ترمیم واپس نہ ہوجائے، رضا ربانی

اٹھارویں ترمیم واپس نہ ہوجانے کا ڈر ہے، رضا ربانی

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اورسابق چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کے الیکشن کے بعد خوف ہےکہ اٹھارہویں ترمیم واپس نہ ہوجائےجبکہ ہمارے آئینی ادارے آپس میں لڑ رہے ہیں اورپارلیمنٹ کو کمزور کردیا گیا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ ان خیالات کا اظہار نجی یونیورسٹی میں ایک سیمینار سےاپنے خطاب میں کیااور کہا کہ الیکشن سے پہلے مقتدر قوتیں اب تک جو کرچکیں کرچکیں اب وہ آخری 20دنوں میں انتخابات شفاف ہونے دیں کیونکہ انجینئرڈ الیکشن نے نہ پہلے پاکستان کے مسائل حل کئے نہ آئندہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوف ہے کہ 25 جولائی کے بعد اٹھارہویں ترمیم واپس نہ ہوجائے، اس ترمیم کےذریعےصوبوں کوملے تھوڑے بہت حقوق بھی واپس اسلام آباد کودینے کی بات ہورہی ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم سے انتہا پسند قوم پرست تنظیموں کوآئینی حدود میں رہتے ہوئے حقوق حاصل کرنے کا احساس ہواجبکہ آئینی ادارے آپس میں لڑ رہے ہیں، پارلیمنٹ کو کمزور کردیا گیاتاہم سیاسی کارکن کی حیثیت سے تسلیم کرتا ہوں اس میں ہماری بھی غلطی ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نےکہا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے عدلیہ، پارلیمنٹ اور انتظامیہ کا کام انجام دے، 25 جولائی کے بعد سیاسی استحکام نظر نہیں آرہا، جب قومی اسمبلی میں چوں چوں کا مربہ بٹھایا جائے گا تو اس سے کیا امید رکھیںگے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیبلشمنٹ نے سیاسی پارٹیوں کو استعمال کرکے تشو پیپر کی طرح پھینک دیا۔ملک کی اشرافیہ اور عوام کی سوچ مختلف ہےجبکہ ملک کے وسائل پر قابض اشرافیہ کے ذہن آزادی سے پہلے والوں کی سوچ ہے۔

تازہ ترین