اسلام آباد ( آن لائن ) سابق سینیٹ چیئرمین میاں رضا ربانی نے خبردار کیا ہے کہ انتخابات میں پسندیدہ نتائج کے حصول کے لیے انتخابات میں تاخیر فیڈریشن پر تاریکی بادل کے مترادف ہوگا۔رضا ربانی نے کہا کہ نیکٹا نے وفاقی حکومت کو انتخابی امیدوار وں کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے بھی کم و بیش اسی طرح کا انتباہ جاری کیا میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’انتخابی امیدواروں کے دفاتر اور جلسوں پر حملوں کے واقعات کسی بڑے واقعہ کا پیش خیمہ ہے اور نگراں حکومت عملی طور پر اقدامات اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آئین کی رو سے نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صاف اور شفاف انتخاب کے انعقاد میں ای سی پی کی مدد کرے۔سابق سینیٹ چیئرمین نے کہا کہ ’ای سی پی نے پہلے واضح نہیں کیا تھا کہ آرمی کو کن شرائط کے تحت پولنگ اسٹیشن پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے طلب کیا جائیگا‘۔