برج سرطان: عمومی خصوصیات
برج سرطان(22جون تا 22جولائی) سے تعلق رکھنے والے مرد جس سے پیار کرتے ہیں، اسے جی بھر کر چاہتے ہیں۔ نرم دل، رومانوی اوردوسروں پر انحصار کرنے والے ہوتے ہیں۔ برج سرطان کی خواتین رشتوں کی حفاظت کرنے والی اورجذباتی ہوتی ہیں، وہ ذاتی زندگی سے لطف اندوز ہونا پسند کرتی ہیں۔ تخلیقی صلاحیتیں اس برج سے تعلق رکھنے والی دونوں صنفوں میں پائی جاتی ہیں۔
معروف سرطانی سیلیبرٹیز
سِلنا گومز
سِلنا میری گومز22جولائی 1992ءکو ٹیکساس، امریکا میں پیدا ہوئی۔ وہ ایک گلوکارہ، اداکارہ اور پروڈیوسر کے طور پر پہچان رکھتی ہے۔ صرف 10سال کی عمر میں بچوں کی ٹیلی ویژن سیریز ’بارنی اینڈ فرینڈز‘ میںاداکاری کی، تاہم اسے زیادہ شہرت 2007ءسے 2012ءتک پیش کی جانے والی ڈزنی چینل کی ٹیلی ویژن سیریز ’وِزرڈز آف وَیورلی پلیس‘ سے حاصل ہوئی، جس میں اس نے ’اَیلکس رُسو‘ کا کردار ادا کیا۔ 2009ءسے 2011ء تک، میوزک بینڈ ’سِلنا گومز اینڈ دا سین‘ کے تحت اس کے ریلیز ہونے والے تینوں البمز نے امریکی ’بل بورڈ200‘پر ٹاپ ٹین میں جگہ بنائی۔ اس کے بعد گومز کے سولو البمز ’اسٹارڈانس‘(2013ء) اور ’رِیوائیول‘(2015ء)نے نمبروَن پوزیشن حاصل کی۔ایک رپورٹ کے مطابق، سِلنا گومز کے 70لاکھ سے زائد البمزاور 2کروڑ 20لاکھ سے زائد سنگلز فروخت ہوچکے ہیں۔
وہ ہالی ووڈ کی فلموں میں بھی کام کرچکی ہے۔ 2010ءمیں اس نے کے مارٹ کے ذریعے اپنی کلاتھنگ لائن، 2013ءمیں اپنے نام سے پرفیوم لائن اور 2017ءمیں ’سِلنا گریس‘ کے نام سے ہینڈ بیگ کلیکشن لانچ کیا۔ وہ کئی خیراتی اداروں کے ساتھ بھی کام کرچکی ہے اور 17سال کی عمر میں یونیسیف کی سفیر بھی رہ چکی ہے۔وہ اَیلما ایوارڈ، امریکن میوزک ایوارڈ، ایم ٹی وی ویڈیومیوزک ایوارڈ، پیپلز چوائس ایوارڈ،2 بل بورڈ ویمن اِ ن میوزک ایوارڈ اور 16ٹِین چوائس ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔139ملین فالورز کے ساتھ سِلنا گومز کو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
کترینہ کیف
15جولائی 1984ءکو پیدا ہونے والی کترینہ کیف نے ایک حقیقی سرطانی شخصیت کی طرح اپنی محنت سے مقبولیت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔ وہ ہانگ کانگ میں پیدا ہوئی،اس کے بعد کترینہ کے والدین برطانیہ منتقل ہوگئے اور برطانوی شہریت حاصل کرلی۔ کترینہ کے والد محمدکیف ایک ہندوستانی کشمیری ہیں اور اس کی والدہ سوزانا ٹرکوٹ انگریز ہے۔ اس کا شمار ہندوستان کی خوبصورت ترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔
ارجن کپور
فلمی فیملی سے تعلق رکھنے والے ارجن کپور کے والد بونی کپور فلم پروڈیوسر جب کہ انکل انیل کپور بالی ووڈ کے بڑے اداکار ہیں۔ ارجن کپور نے بالی ووڈ میں اپنی پہلی فلم ’عشق زادے‘ سے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیاتھاجبکہ اس کے بعد’غنڈے‘ اور ’ٹواسٹیٹ‘ کی کامیابی نے اس کی پوزیشن کو مزید مستحکم بنا دیا۔
ندیم بیگ
مرزا نذیر بیگ مغل المعروف ندیم بیگ، پاکستان فلم انڈسٹری کے سدابہار سپر اسٹار19جولائی 1941ءکو آندھرا پردیش میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہندکے بعد پاکستان منتقل ہوئے اور 1967ء میں لالی ووڈ کی فلم ’چکوری‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ فلم نے مشرقی ومغربی پاکستان، دونوں ہی حصوں میں زبردست کامیابی حاصل کی اور ندیم بیگ اپنی پہلی ہی فلم سے ٹاپ اداکاروں کی فہرست میں آگئے۔
اس فلم پر انھوں نے بہترین اداکار کا ’نگارایوارڈ‘ بھی حاصل کیا۔فلم ’چکوری‘ کے ڈائریکٹراورپروڈیوسر کیپٹن احتشام تھے۔ فلم کی کامیابی کے دو سال بعدیعنی 1969ء میں، ندیم بیگ نے اپنی پہلی فلم کے ڈائریکٹر کی بیٹی شبانہ سے نکاح کرلیا۔ ان کے دو بیٹے فرحان اور فیصل ہیں۔ ندیم بیگ کو پاکستان کے سرکاری اعزازات پرائڈ آف پرفارمنس، ہلال امتیاز اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازاجاچکا ہے۔
صنم بلوچ
خوبصورت مسکراہٹ اور معصوم چہرہ رکھنے والی صنم بلوچ 14جولائی 1986ءکو پیدا ہوئیں۔ سندھی ٹی وی سے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد اپنی محنت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر وہ جلد ہی قومی ٹیلی ویژن پرجگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔ 2016ءمیں بننے والی ایک ٹیلی فلم میں پاکستان ایئرفورس کی فائٹر پائلٹ مریم کا کردار بھی ادا کرچکی ہیں۔2010ءمیں انھیں بہترین اداکارہ کا لکس اسٹائل ایوارڈ بھی دیا گیا۔