• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، پان پراگ، گٹکا ودیگر نشہ آور مصنوعات کی فروخت کا سلسلہ تیز

اسکھر (بیورو رپورٹ) پولیس کی عدم توجہی کے باعث ضلع سکھر میں مضر صحت پان پراگ، گٹکا ودیگر نشہ آور مصنوعات کی فروخت کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ سکھر کی ہول سیل مارکیٹوں میں لاکھوں روپے مالیت کی مضر صحت نشہ آور ممنوعہ اشیاء کی خرید و فروخت کی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے ان ممنوعہ اشیاء کی روک تھام کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ نشہ آور مضر صحت اشیاء کے استعمال سے لوگ مختلف موذی امراض کا شکار ہورہے ہیں۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ سکھرشہر میں پولیس کی جانب سے نشہ آور مصنوعات گٹکا اور پان پراگ کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں ختم ہونے کے باعث ایک مرتبہ پھر سکھر کے نشتر روڈ، چمٹہ گلی، ریشم گلی، گھنٹہ گھر چوک سمیت دیگر علاقوں میں ہول سیل دکانوں پر لاکھوں روپے مالیت کا نشہ آور گٹکا، پان پراگ، سٹی ، ون ٹو ون سمیت ممنوعہ اشیاء مختلف شہروں سے لاکر شہر سمیت دیگر اضلاع میں بھیجی جارہی ہیں۔ خاص طور پر سکھر کی ہول سیل مارکیٹوں میں لاکھوں روپے مالیت کی نشہ آور مصنوعات لائی جارہی ہیں جہاں سے سکھر شہر سمیت ضلع بھر کے تمام علاقوں اور دیگر اضلاع گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، جیکب آباد سمیت دیگر میں بھجوائی جاتی ہیں، جبکہ نشہ آور مصنوعات فروخت کرنے والے اسمگلر اطمینان سے یہ غیر قانونی اشیاء دوکانداروں تک پہنچارہے ہیں۔پرانا سکھر، شمس آباد، نیوپنڈ، نصرت کالونی سمیت دیگر علاقوں میں لوگ گھروں میں نشہ آور مضر صحت گٹکا تیار کر کے شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کررہے ہیں۔ سکھر کے شہری و عوامی حلقوں نے مضر صحت نشہ آور ممنوعہ اشیاء کی کھلے عام خرید و فروخت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند ماہ قبل پولیس کی جانب سے مضر صحت ممنوعہ اشیاء فروخت کرنیوالوں کیخلاف کی گئی کارروائیوں کے باعث یہ سلسلہ بند ہوگیا تھا جس کے بعد ایک مرتبہ پھر مضر صحت و ممنوعہ اشیاء کی خرید و فروخت پھر سے شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع سکھر میں مضر صحت نشہ آور ممنوعہ اشیاء کی خرید وفروخت کو روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین