ہمارے ملک میں مرغن کھانوں کی پسندیدگی کی وجہ سے گوشت کو طرح طرح کے پکوان بنانے کے لئے بخوبی استعمال کیا جاتا ہے اور یہ پکوان بہت شوق سے کھائے بھی جاتے ہیں۔ہر کو ئی اپنی پسند کے مطابق بکرے،گائے ،مرغی یا بھیڑ کے گوشت سے کھانوں کی لذت بڑھاتا ہے اور کھانا بنانے کا یہ طریقہ ہرعمراورہر خطے کے لوگوں میں یکساں مقبول ہے۔تاہم اگر گوشت کو گرائنڈ کیا جائے تو اسے قیمے کا نام دیا جاتا ہے۔قیمہ ہندوستانی لفظ ہے جو تمام اقسام کے گوشت سے بنایا جاتا ہےاور بہت سی ڈشز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ مغلوں اور نوابوںکے دور میں بھی قیمے کے مختلف کھانوں کو نہایت اہمیت حاصل تھی۔مغلوں کو گائے کا قیمہ پسند تھا مگر لکھنؤ میں باورچی بھیڑ کے قیمے کو ترجیح دیتے تھے کیونکہ اس کے گوشت کا قیمہ نرم ہوتا تھا۔ اکثر قیمے کوٹکیوں کی شکل بھی دی جاتی ہےاور سیخوں پربھون کر کباب بھی بنائے جاتے ہیں ۔ جبکہ صرف قیمہ بھی خوب شوق سے کھایا جاتا ہے۔ معمول میںقیمے میں مختلف سبزیاں بھی ڈال کراسے کھایا جاتا ہے۔ بکرے،گائے ،مرغی یا بھیڑ کےگوشت سےطرح طرح کے چٹ پٹے اورمصالحے دار قیمے کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔ان میں سے چند کھانوں کی تراکیب قارئین کے لئے پیش ہیں۔
قیمہ بھرے کریلے
اجزاء:
کریلے ۔ایک کلو
قیمہ۔آدھا کلو
پیاز (باریک کاٹ لیں)۔تین سے چار
ٹماٹر(چھیل کر گودا باریک پیس لیں)۔تین عدد
ہرا دھنیہ(باریک کٹا ہوا )۔ایک پیالی
سوکھا دھنیہ(باریک پسا ہوا) ۔دو چمچ
اناردانہ(پیس لیں) ۔دو بڑے چمچ
زیرہ ۔ ایک چھوٹا چمچ
نمک ،مرچ ۔ڈیڑھ چمچ
ہلدی ۔ ایک چھوٹا چمچ
ترکیب :
کریلوں کو لمبائی کے رخ کٹ لگا کر بیج نکال لیں اور نمک لگا کر رکھ دیں ۔ایک تنگ منہ کے برتن میں دو چمچ تیل کڑکڑائیں ۔ جب خوب گرم ہو تو اس میں قیمہ ڈال کر ڈھک دیں اور آنچ درمیانی کر دیں ۔ قیمہ اپنے ہی پانی میں پندرہ سے بیس منٹ تک پکنے دیں ۔ اس دوران باریک کٹے ہوئے پیاز کو تیل میں گہرا تلیں یہاں تک کہ سرخ ہو جائے ۔قیمے میں آدھی پیالی تیل ، سرخ کیا ہوا پیاز ،ٹماٹر سمیت تمام مصالے ڈال کر بھونیں یہاں تک کہ تیل چھوڑنے لگے، آخر میں ہرا دھنیہ شامل کر دیں ۔ اب چاہیں تو اس قیمے کو کوٹ لیں یا یونہی رہنے دیں ۔کریلوں کو دھو کر نمک اتار دیں ، اب ان میں قیمہ بھر کر ان کا چاک سی لیں یا دھاگہ لپیٹ لیں۔کھلے منہ اور ہموار پیندے کے برتن میں دو پیالی تیل ڈال کر گرم کریں ۔ جب تیل خوب گرم ہو تو ایک ایک کر کے کریلے ڈالتی جائیں ، اس طرح کہ ان کا چاک یا کٹ اوپر کی جانب ہو اور تیل میں ڈوبا ہوا نہ ہو ورنہ ان میں تیل زیادہ ہو جائے گا ۔ آنچ درمیانی کر دیں ، اور بیس منٹ تک پکنے دیں ، اس دوران آپ دوسرے کام کر سکتی ہیں ، بیس منٹ بعد ایک کریلا پلٹ کر دیکھیں اور سنہرا ہونے تک پکنے دیں ۔ ایک طرف سنہری ہو جائے تو سب کریلوں کا رخ پلٹ دیں اور دوسری جانب سے بیس منٹ تک پکنے دیں ۔ اب کریلوں کو کسی چھلنی میں نکال دیں ۔ اضافی تیل نکل جائے تودھاگے ہٹا کر سینی میں سجا لیں ۔لیجیے مزے دار قیمہ بھرے کریلے تیار ہیں ۔ سلاد یا ہری چٹنی ، میٹھی لسی اور گرما گرم روٹیوں کے ساتھ پیش کریں۔
قیمہ پلاؤ
اجزاء:
قیمہ۔ تین پاؤ
دھنیا۔آدھی پیالی
چاول۔ ایک کلو
پیاز۔ ایک پاؤ
گھی۔ آدھ کلو
مرچ ۔ساڑھے چار ماشے
لونگ ۔تین ماشے
زعفران۔ تین ماشے
زیرہ ۔تین ماشے
گوشت کی بوٹیاں۔ ایک پاؤ
نمک ۔حسب پسند
ترکیب:
قیمہ اور گوشت کی بوٹیاں صاف کر کے انہیں مصالحے میں بھون لیں۔ جب گل جائیں تو زعفران پیس کر اس میں ملا دیا جائے۔ اس کے بعد چاولوں میں لونگ، الائچی ڈال کر جوش دیں۔ جب تھوڑی سی کنی باقی رہ جائے تو تہہ در تہہ چاولوں میں قورمہ بچھا کر اور اوپر سے قیمہ ڈال کر دم دے دیں۔ یا آپ قیمہ اندر بچھا کر قورمہ اوپر سے ڈال سکتے ہیں۔ ہر دو صورتوں میں آٹے سے برتن کا منہ بند کر کے اسے دم پر رکھ دیں۔
قیمے کے کٹلٹس
اجزاء:
قیمہ( باریک)۔ ایک کلو
انڈے۔ دو عدد
ہری مرچ(پسی ہوئی )۔ ایک چائے کا چمچ
ڈبل روٹی کا چورا۔ ایک پیکٹ
آلو( ابلے ہوئے) ۔ڈیڑھ کلو
ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا)۔ ایک گھٹی
پیاز(باریک کٹی ہوئی)۔ ایک بڑی
تیل(تلنے کے لئے )۔ حسب ضرورت
ترکیب:
سب سے پہلے آلو ابال لیں ۔ جب آلو اچھی طر ح گل جائیں تو ان کا چھلکا اتار کر کانٹے کے ساتھ بھرتا بنا لیں۔ ایک دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر قیمہ ڈال دیں۔ ساتھ سارا مصالحہ بھی ڈال دیں۔ جب قیمے کا پانی خشک ہو جائے تو تھوڑا سا بھون کر اتار لیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔ پھر تھوڑے سے آلوہاتھ میں لے کر اس کو پھیلا دیں ، اب اس میں تھوڑ ا تھوڑا قیمہ بھر کر کٹلٹس بنا لیں۔ انڈا لگا کر بریڈ کرمبز لگالیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کر یں۔
قیمہ سویا پالک
اجزاء:
قیمہ: آدھا کلو
پالک: آدھا کلو
پسی لال مرچ : ایک کھانے کا چمچ
ادرک ، لہسن: ایک کھانے کا چمچ
دہی : آدھی پیالی
تیل: آدھی پیالی
سویا : ایک گڈی
نمک : حسب ذائقہ
ہلدی: ایک چائے کا چمچ
پیاز: ایک عدد
گرم مصالحہ ( پسا ہوا): آدھا چائے کا چمچ
ترکیب
قیمہ کو اچھی طرح دھو کر چھلنی میں رکھ دیں تاکہ پانی نکل جائے۔ پیا زکو باریک سلائس کر لیں۔ پالک اور سویا اچھی طرح دھو کر باریک کاٹ لیں۔ تیل گرم کر یں اور پیازکے سلائس ڈالیں۔رنگت ہلکی گلابی ہو جائے تو قیمہ، ادرک، لہسن ڈالیں اور بھونیں۔ جب قیمے کا رنگ بدلنے لگے تو نمک، ہلدی، لال مرچ شامل کر دیں۔ پھر دہی مکس کر یں اور قیمہ بھون لیں۔ دہی کا پانی خشک ہو جائے تو سویا اور پالک بھی شامل کر دیں اور ڈھکن بند کر دیں۔ ہلکی آنچ پر آدھے گھنٹے تک پکائیں۔ اگر آدھے گھنٹے بعد پانی ہو تو خشک کر کے بھونیں۔ گرم مصالحہ چھڑک کر چولہا بند کر دیں۔ مزیدار قیمہ سویا پالک تیار ہے۔
قیمہ بھری شملہ مرچ
اجزاء:
قیمہ۔ آدھا کلو
سرخ شملہ مرچ ۔چار سے چھے عدد
ثابت لال مرچ۔ چار عدد
ٹماٹر۔ دو عدد
ہری مرچ ۔دو عدد
تیل ۔تین کھانے کے چمچ
املی کا رس۔ تین کھانے کے چمچ
لہسن (پیسٹ) ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ
ادرک (پیسٹ)۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
زیرہ۔ ایک کھانے کا چمچ
ثابت دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
ترکیب:
ایک فرائنگ پین میں زیرہ اور ثابت دھنیا بھونیں۔ان کی رنگت سنہری ہوجائے تو ثابت لال مرچ اور کھوپرا ڈال دیں۔جب خوشبو آنے لگے تو یہ مصالحہ پلیٹ میں نکال کر ٹھنڈا کریں اور پھر اسے بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔اب ایک گہری کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں لہسن ادرک کا پیسٹ شامل کرکے ایک منٹ کے لئے بھون لیں۔اب اس میں قیمہ شامل کرکے پکائیں۔ اس میں بھنا ہوا مصالحہ، پسا ہوا گرم مصالحہ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر قیمہ گلالیں۔اب اس میں املی، کٹے ہوئے ٹماٹر، کٹی ہوئی ہری مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ شملہ مرچ دھو کر اوپر سے کاٹ لیں اور بیج نکال لیں۔ اب اسے بیکنگ ٹرے پر رکھیں۔اس پر تھوڑا سا تیل چھڑک دیں۔ پھر اسے180ڈگری پر دس سے بارہ منٹ کے لیے بیک کرلیں۔ تیار ہونے پر اس کے اندر تیار قیمہ بھر کر دوبارہ پانچ منٹ کے لیے بیک کرلیں۔ مزیدار قیمہ بھری شملہ مرچ تیار ہے۔
قیمہ گھوٹالہ
اجزاء:
قیمہ ۔آدھا کلو
تیل۔ تین چوتھائی کپ
پیاز(کٹی ہوئی)۔ ایک عدد
لہسن ادرک (پیسٹ)۔ دو کھانے کے چمچ
لال مرچ پاوٴڈر۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ
دھنیا پاوٴڈر۔ دو چائے کے چمچ
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
دہی۔ آدھا کپ
ٹماٹر (کٹے ہوئے)۔ تین عدد
نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
زیرہ (بھنا اور کٹا ہو)۔ایک چائے کا چمچ
ٹماٹر(چھوٹے کیوبز میں)۔ ایک عدد
ہری مرچ(کٹی ہوئی) ۔تین عدد
ہرا دھنیا(کٹا ہوا)۔ دو کھانے کے چمچ
انڈے(پھینٹے ہوئے)۔ تین عدد
ادرک (کٹا ہوا )۔حسب ضرورت
ترکیب:
ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز کو پانچ سے سات منٹ فرائی کرلیں۔ یہاں تک کہ ہلکی سنہری ہو جائے۔ اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، کٹے ٹماٹر، قیمہ، لال مرچ، ہلدی، دھنیا، نمک اور زیرہ ڈال کر فرائی کرلیں۔پھر اس میں دہی شامل کر کے فرائی کرلیں۔ اب اس میں ایک کپ پانی ڈال کر ڈھک کر پکائیں یہاں تک کہ گوشت گَل جائے۔پھر اس میں انڈے ڈال کر مکس کرلیں۔آخر میں ٹماٹر کیوبز، گرم مصالحہ، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر پانچ منٹ دَم پر رکھ دیں۔پراٹھوں کے ساتھ سرو کریں۔
کھڑا مصالحہ قیمہ اور پُوریاں
اجزاء:
قیمہ(ہاتھ کا کٹا ہوا)۔ آدھا کلو
نمک ۔حسب ذائقہ
ادرک۔ دوانچ کا ٹکڑا
لہسن۔ چار سے چھ جوئے
پیاز۔ دو عدد
ثابت لال مرچیں ۔آٹھ سے دس عدد
ثابت دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ
سفید زیرہ ۔ ایک کھانے کا چمچ
دہی۔ آدھی پیالی
کوکنگ۔ آئل حسب ضرورت
پوریاں بنانے کیلئے:
میدہ ۔تین پیالی
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
چینی۔ چار کھانے کے چمچ
کوکنگ آئل۔ حسب ضرورت
ترکیب:
پیاز کو آملیٹ کی طرح بارک چوپ کر لیں۔لہسن کو کچل کر رکھ لیں۔ادرک کو باریک کاٹ لیں۔دھنیا اور زیرے کو بھون کر موٹا کوٹ لیں۔پین میں چار سے چھ کھانے کے چمچے کوکنگ آئل کو گرم کریں اور اس میں پیاز اور لال مرچوں کو ہلکا سا نرم ہونے تک فرائی کریں۔پھر اس میں لہسن، نمک اور قیمہ ڈال کر ہلکی آنچ پر ڈھک دیں۔جب قیمے کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں دہی، دھنیا اور ادرک ڈال کر اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحدہ ہوجائے۔
پوریاں بنانے کیلئے:
میدے میں آدھی پیالی دہی ڈال کر اچھی طرح نرم گوندھ لیں۔کچھ دیر بعد اس کے پیڑے بنا لیں۔ پھر کوکنگ آئل میں پیڑوں کو ڈبو کر پوریاں بیل کر سنہری فرائی کرلیں۔گرم گرم قیمے کے ساتھ پیش کریں۔
چٹ پٹا قیمہ
اجزاء:
قیمہ۔ آدھا کلو
تیل یا گھی ۔آدھا کپ
سفید زیرہ ۔دو چائے کے چمچ
خشخاش ۔دو چائے کے چمچ
سوکھا دھنیا ۔دو چائے کے چمچ
تل۔ دو چائے کے چمچ
ہری مرچیں ۔چار عدد
سرخ مرچیں( ثابت)۔ دس عدد
ادرک(پیسٹ )۔ایک چائے کا چمچ
چکن کیوبز۔ دو عدد
ہرا دھنیا ۔آدھی گٹھی
لہسن( پیسٹ) ۔ایک چائے کا چمچ
املی(پانی میں بھگو کر گودا نکال لیں)۔ آدھا پاؤ
ترکیب:
تیل گرم کر کے ایک چائے کا چمچ سفید زیرہ اور دس عدد سرخ ثابت خشک مرچیں ڈال کر کڑ کڑائیں۔ پھر قیمہ ڈال کر بھونیں اور ادرک ولہسن ڈال کر ڈھانپ دیں تاکہ خوشبواندر ہی رہے۔ ہرا دھنیا دھو کر ڈنڈیوں سمیت باریک کاٹ لیں۔پو دینہ بھی دھو کر باریک کاٹ لیں۔ سارے خشک مصالحے باریک پیس کر قیمے میں ملا دیں اور املی کا پانی ڈالتے ہوئے خوب بھون لیں۔جب پانی خشک ہو جائے تو دونوں چکن کیوبز کو تھوڑے سے گرم پانی میں گھول کر قیمے میں ملا دیں اور ہرا مصالحہ بھی ڈال دیں۔گرما گرم پیش کریں۔گھٹائی اپنی پسند کے مطابق کم یا زیادہ ڈال سکتے ہیں۔