میکرونی اطالوی زبان کے لفظ ’’maccheroniــــــ‘‘ سے ماخوذ ہے۔یہ روایتی طور پر مختلف اشکال اور ساختوں میںدستیاب ہوتا ہے مگر میکرونی کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی قسم ’’ایلبو شیپڈـ elbow shaped‘‘ میکرونی ہے۔ چونکہ موجودہ دور میںدنیا کے ہر خطے کے کھانے تمام ملکوں میں ذوق و شوق سے بنائے اور کھائے جاتے ہیں اس لئے میکرونی پاکستان میں بھی تقریباً نصف کھانوں میں ڈال کر ان کی لذت میں اضافہ کیا جاتا ہے۔اور یہ تمام عمر کے لوگ شوق سے کھاتے ہیں۔میکرونی ود چیز(پنیر) سب سے مقبول اور سادہ ڈش ہے جسے محض چند مصالحہ جات گارنش کر کے بچوں اور بوڑھوں کو با آسانی کھلایا جاسکتا ہے۔
اسکے علاوہ میکرونیز کا استعمال میٹھے کھانوں میں بھی بخوبی کیا جاتا ہے۔میکرونی کے ہر دلعزیز ہونے کی خاصیت کے پیشِ نظر اس سے بنائے جانے والے چند کھانوں کی تراکیب قارئین کے لئے پیش ہیں:
مصالحے کی میکرونی
اجزاء:
پیاز(پسی ہوئی)۔ایک پیالی
ٹماٹر کا رس۔ایک پیالی
لہسن(پسا ہوا)۔ایک کھانے کا چمچ
ادرک(پسا ہوا)۔ ایک چائے کا چمچ
کالی مرچ۔ایک چائے کا چمچ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
اجینو موٹو۔ ایک چٹکی
مکھن۔ دو کھانے کے چمچ
میکرونی ۔دو سو گرام
پنیر۔ ایک ٹکڑا
ترکیب:
مکھن گرم کر کے لہسن ڈالیں۔ پھر ادرک ، پیاز، نمک ، کالی مرچ اور اجینو موٹو ڈال کر خوب بھونیں۔اس کے بعد ٹماٹر کا رس ڈال کر پکنے دیں۔ میکرونی ابال لیں۔ چھان کر ڈش میں ڈالیں۔ اوپر سے مصالحہ ڈال دیں اور پنیر کاٹ کر چھڑک دیں۔
میکرونی پرونز مصالحہ
اجزاء:
پرونز (صاف کرلیں)۔ڈھائی سو گرام
بٹن مشروم ۔ایک سو اسیّ گرام
پیاز (سلائس کاٹ لیں) ۔دو عدد
لہسن (پیسٹ) ۔ایک چائے کا چمچ
کڑی پتے۔چارعدد
نمک ۔حسب ذائقہ
لال مرچ پاوٴڈر۔ایک چائے کا چمچ
کلونجی۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ہری مرچیں (چوپ کر لیں)۔دوعدد
ہرادھنیا(چوپ کرلیں)۔دوکھانے کے چمچ
تیل ۔پانچ کھانے کے چمچ
ترکیب:
سوس پین میں تیل گرم کر کے کلونجی، کڑی پتے شامل کریں۔دو سے چارمنٹ پکا کر پیاز شامل کریں۔ گولڈن براوٴن ہو جائے تو لہسن ، نمک ، لال مرچ پاوٴڈر شامل کرکے ہلکی آنچ پرایک منٹ تک پکالیں۔ مشروم، پرونز شامل کریں۔دو منٹ پکا کر پاستا شامل کریں۔پانچ سے سات منٹ تک اسٹرفرائی کریں۔ ہری مرچیں، ہرادھنیا شامل کریں مکس کر کے سرونگ پلیٹ میں نکال کر گرم سرو کریں۔
روسٹ گوشت اور میکرونی
اجزاء:
میکرونی ۔تین سو پچاس گرام
تیل ۔حسب ضرورت
لہسن( موٹا کوٹا ہوا )۔ایک جوا
چیڈر چیز ۔پچاس گرام
کٹھا سوس ۔ضرورت کے مطابق
وائٹ سوس۔ضرورت کے مطابق
مکھن۔چالیس گرام
میدہ ۔پچیس گرام
دودھ۔ڈیڑھ کپ
جائفل( پسی ہوئی )۔چٹکی بھر
نمک۔حسب ضرورت
کالی مرچ ۔حسب ضرورت
ترکیب:
اوون کو تین سو پچاس درجہ حرارت پر گرم کریں۔ وائٹ سوس بنانے کے لئے مکھن، دودھ، میدہ پین میں درمیانی آنچ پر پکائیں۔چمچ مسلسل چلائیں یہاں تک کہ سوس میں بلبلے اٹھنے شروع جائیں۔آنچ دھیمی کریں اورپانچ منٹ تک پکائیں۔پھر اس میں جائفل ملائیں۔میکرونی ابال کر گلا لیں، زیادہ نہ پکائیں۔میکرونی کا پانی چھلنے میں ڈال کر نکال دیں۔ایک خشک سوس پین میں تیل گرم کر کے اس میں لہسن ڈالیں۔
میکرونی پین میں ڈالیں اور لہسن مکس کریں۔بیکنگ ڈش کو مکھن لگائیں اور اس میں میکرونی ڈالیں۔میکرونی کے اوپر کٹھا سوس اور وائٹ سوس ڈال کر اچھی طرح کوٹ کریں۔پنیر چھڑک کرگرم اوون میں چالیس منٹ تک پکائیں۔
میکرونی اور پنیر
اجزاء:
میکرونی ۔بارہ اونس
ویجیٹیبل آئل۔ دو چائے کے چمچ
پیاز (باریک کٹا ہوا)۔ ایک عدد
کشمیری مرچ (کٹی ہوئی) ۔ایک کپ
سبز پیاز (کٹے ہوئے)۔ ایک کپ
مشروم (باریک کٹی ہوئی) ۔ایک کپ
کاٹیج چیز۔ ایک کپ
ٹومیٹو سوس ۔ایک کپ
چیڈر چیز ۔ایک کپ
ترکیب:
میکرونی کے پیکٹ پر لکھی ہوئی ہدایات کے مطابق پکا لیں لیکن نمک نہ ڈالیں۔نان سٹک فرائینگ پین میں ایک چائے کا چمچ تیل ڈالیں اور اسے درمیانی آنچ پر گرم کر یں۔پیاز ،کشمیری مرچ اور سبز پیاز تیل میں ڈالیں اور چار منٹ تک پکائیں۔باقی ایک چمچ تیل بھی شامل کر دیں اور مشروم ڈال کر مزید چار منٹ تک پکائیں۔اس کے بعد آگ سے ہٹالیں اور ایک طرف رکھ دیں۔برائلر کو گرم کریں۔میکرونی کا پانی نکال دیں۔اس پین میں سبزیوں کے ساتھ شامل کر یں اور اس کے ساتھ ہی کا ٹیج چیز، ٹمیٹو سوس اور تین کھانے کے چمچ چیڈر چیز شامل کر کے اچھی طرح مکس کر یں۔ آمیزے کو ہلکی آنچ پر پانچ منٹ کے لئے رکھیں۔ آمیزے کو ایک کم گہری بیکنگ ڈش میں ڈالیں۔اس پر بچا ہوا پنیر ڈالیں۔برائلر سے چار انچ نیچے اوون میں رکھیں تاکہ سنہری ہو جائے (تقریباً تین سے پانچ منٹ )اور گرم گرم پیش کر یں۔
سبزی میکرونی سوپ
اجزاء:
سرخ لوبیا۔ ایک پیالی
سفید لوبیا ۔ایک پیالی
میکرونی۔ آدھ پاؤ
سبز پھلیاں( لمبی کاٹ لیں )۔ تین چھٹانک
گاجریں (چوکور کاٹ لیں )۔تین عدد
آلو(چوکورکاٹ لیں )۔تین عدد
مٹر۔ ایک پیالی
نمک ۔حسب ضرورت
مرچ ۔حسب ضرورت
پنیر ۔چھڑکنے کے لئے
ٹومیٹو سوس کے لئے:
ٹماٹر ۔ دو عدد
لہسن ۔چارجوئے
نمک ۔ایک چائے کا چمچ
دھنیا ۔ ایک گڈی
ترکیب:
سرخ اور سفید لوبیا علیحدہ علیحدہ گلالیں۔میکرونی کو بھی علیحدہ گلا لیں اور ٹھنڈے پانی کے نیچے رکھ کر نتھار لیں۔ٹماٹر وں کا چھلکا اتار کر انہیں چوپ کر لیں۔دھنیے کو بھی باریک کتر لیں۔فوڈ پروسیسر میں لہسن، دھنیا، ٹماٹر، نمک اور مرچ کو پیس لیں یہاں تک کہ تمام چیزیں آمیزے کی شکل اختیار کر لیں۔چلتے ہوئے فوڈ پروسیسر میں تیل شامل کر لیں۔سوس پین میں پکا ہوا سفید اور سرخ لوبیا ڈالیں اس میں سبز پھلیاں، گاجر یں ، آلو اور نمک مرچ ڈالیں۔پانی ڈال کر سبزیوں کو ہلکی آنچ پر گلالیں۔
گلی ہوئی میکرونی کو سبزیوں کے سوپ میں شامل کریں۔سوپ کو دوبارہ گرم کر یں یہاں تک کہ ابلنے لگے۔سوس پین کو آگ سے ہٹالیں اور اس میں ٹمیٹو مکسچر ملائیں۔سوپ کو سرونگ ڈش میں ڈالیں اور اس پر پنیر چھڑکیں۔سبزی میکرونی کے سوپ کو خستہ ڈبل روٹی کے ساتھ کھائیں۔ٹوسٹ علیحدہ پلیٹ میں رکھیں۔