مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہےکہ 25 جولائی کو عوام کی عدالت لگے گی اور عوام یہ فیصلہ سنائیں گے جو مرضی کر لو نواز شریف کو دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔
لاہور کے حلقہ این اے 133 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اگر دنیا میں جھوٹ بولنے کا ورلڈ کپ ہو تو عمران نیازی وہ ورلڈ کپ ضرور جیتے گا،وہ جتنے مرضی دھرنے دیں،25 جولائی کو ان کا یوم حساب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو فیصلہ آیا ہے وہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافیوں کا تسلسل ہے، 70 سال میں 18 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی جبکہ نوازشریف کے 5سال میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں آئی، پنجاب میں کام ہوا ہے، جو بھی سروے اٹھا کر دیکھ لیں شیر سب سے آگے ہے،لیکن خیبر پختونخوا میں ایسا کچھ بھی نہیں۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئےحمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لاکھوں ڈالرزکی آفر کو ٹھوکر مار کر نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، موٹرویز کا جال بچھایا اور کراچی میں امن لائے، نیب کے وکلاء نواز شریف پر کرپشن ثابت کرنے میں ناکام رہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ ختم کی اب پانی کی قلت کو بھی ختم کریں گے، کالا باغ ڈیم سیاست کی نذرہوگیا مگر بھاشا اور دیگر ڈیمز پر کام کریں گے۔