• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان جلد سکھر کا دورہ کریں گے، حاجی دیدار علی جتوئی

سکھر (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف کے صوبائی رہنما حاجی دیدار علی جتوئی، ضلعی رہنما مبین احمد جتوئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلد سکھر کا دورہ کریں گے، کارکنان نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، سرکاری افسران عوام کے ملازم ہیں، پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے نہیں، پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ وہ سکھر کے مختلف علاقوں اچھیوں، قبیوں، نیوپنڈ، بچل شاہ میانی، آرائیں ، پرانا سکھر، مکرانہ محلہ ودیگر میں جلسوں و کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹوزرداری سکھر پہنچے رات ٹھہرے لیکن سکھر میں کارکنان سے خطاب نہیں کیا، پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کارکنان کے ساتھ ایسا رویہ ہے تو امیدواروں کا عوام کے ساتھ کیسا رویہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دس سالہ دور اقتدار میں سکھر کے عوام کو نظر انداز کیا گیا ، اب عوام کی مصیبتوں کا وقت ختم ہو چکا ہے کیونکہ سکھر کے عوام پیپلزپارٹی امیدواروں کو مسترد کرچکے ہیں، 25جولائی کو ضلع بھر سے پیپلزپارٹی کے امیداروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔پی ٹی آئی عوام کو سستا انصاف، بنیادی سہولیات اور عوام کو آئینی حقوق دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ سکھر کی جانب سے پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں، لیکن پی ٹی آئی کارکن ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔
تازہ ترین