• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

صحتِ اقتداء کے لیے امام اور مقتدی کی نماز کا ایک ہونا ضروری ہے ؟

تفہیم المسائل

سوال:اگر امامت کرانےوالا شخص مسافر ہواور اس کی مغرب کی نماز قضا ہو چکی ہو،عشاء کا وقت ہو۔ امام کہے کہ میں تین فرض مغرب کے پڑھ کر سلام پھیر دوں گا اورآپ اپنی عشاء کی نماز پوری کر لیجئے گا،اب امام اور مقتدیوں کی نیت میں تضاد آگیا،ایسی صورت میں کیا مقتدیوں کی نمازِ عشاء اداہو جائےگی ؟ (رائے فیصل ،دبئی)

جواب: اقتداء کی شرائط میں سے ایک شرط یہ ہے کہ امام اور مقتدی دونوں کی نمازاس طورپرایک ہوکہ امام کی نماز مقتدی کی نماز کو مُتضمن ہو ۔علامہ زین الدین ابن نجیم حنفیؒ لکھتے ہیں :ترجمہ:’’صحتِ اقتداء کی ایک شرط یہ ہے کہ امام ومقتدی ایک ہو(یعنی دونوں ایک ہی وقت کی ادا یا قضا نمازپڑھ رہے ہوں) اوروہ اس طرح کہ مقتدی کے لیے امام کی نیت کے مطابق نماز میں داخل ہونا ممکن ہو،تاکہ امام کی نماز مقتدی کی نماز کو مُتضمن ہو ،نبی کریم ﷺ کے اس ارشاد کہ’’ امام ضامن ہے ،یعنی اس کی نماز مقتدی کی نماز کو مُتضّمن ہے‘‘ سے یہی مراد ہے ،(البحرالرائق،جلد1،)‘‘۔مکمل حدیث یہ ہے :ترجمہ:’’ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: امام ضامن ہے اور مؤذن امین ہے ،اے اللہ ! اماموں کو ہدایت نصیب فرما اور مؤذنوں کی مغفرت فرما،(سُنن ترمذی: 207)‘‘۔

ایک شرط یہ بھی ہے کہ امام کا مقیم یا مسافر ہونا معلوم ہو ،یہ شرط حقیقۃً صحتِ نماز کی شرط نہیں ،بلکہ صحتِ اقتداء کے لیے شرط ہے ،لہٰذا اگر نماز کے بعد حال معلوم ہو جائے ،نماز صحیح ہوجائے گی ۔علامہ نظام الدین ؒلکھتے ہیں: ترجمہ:’’ ظہر کی نماز پڑھنے والے مقتدی کی اقتدا ءعصر کی نماز پڑھنے والے امام کے پیچھے درست نہیں ہے ،اسی طرح آج کی (ادا) ظہر پڑھنے والے مقتدی کی اقتداء کل کی قضائے ظہر یا جمعہ پڑھانے والے امام کے پیچھے درست نہیں ہے اور اسی طرح اس کے برعکس صورت کا حکم ہے ،(فتاویٰ عالمگیری ،جلد1، ص:86)‘‘۔یعنی وقت اور ادا ء وقضا کے اعتبار سے امام اور مقتدی کی نیت ایک ہونی چاہیے ۔ 

صورتِ مسئولہ میں چونکہ امام اور مقتدیوں کی نماز میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے امام کی نماز مقتدیوں کی نماز کو مُتضمن نہیں ہے ،لہٰذا عشاء کی ادانماز پڑھنے والے مقتدیوں کی نماز وقت عشاء میں مغرب کی قضا پڑھنے والے امام کے پیچھے درست نہیں ہوگی ،مقتدی اپنی ادا نماز تنہایا باجماعت پڑھیں اور اگر سوال میں بیان کی گئی صورت کے مطابق وہ نماز پڑھ چکے ہیں ، وہ نماز ادانہیں ہوئی ،اس کا اعادہ کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین