میٹھے پکوان کھانا کس کو پسند نہیں ہوتا ۔میٹھے پکوان اور میٹھائیاں لذت کا احساس دلاتے ہیں اور خوشیوں کو دوبالا کرتے ہیں۔شاید ہی کوئی ایسا ہو جس کو میٹھا پسند نہ ہو۔مٹھائیاں تقریباًہر شخص کو پسند ہوتی ہیں۔ ہمارے ملک میں شادی بیاہ ،سالگرہ،شادی کی سالگرہ، میلاد،عمرہ یا حج سے لوٹنے پر غرض ہر خوشی کے موقع پر میٹھائیاں کھائی جاتی ہیں۔اکثر تو یوں بھی دیکھنے میں آیا ہے آپس میں ایک دوسرے کےگھر جاتے ہوئے بھی بعض اوقات مٹھائی لے کر جاتے ہیں۔کئی لوگ میٹھے کہ اتنے شوقین ہوتے ہیںکہ ان کو میٹھائی کھانے کے لیے کسی موقع یا تقریب کی ضرورت نہیں ہو تی بس جب بھی انکا دل چاہتا ہے مٹھائی بنا کر یا باہر سے منگو اکر کھالیتے ہیں۔ مٹھائیوں میں سب سے ذیادہ گلاب جامن اور رس ملائی پسندکیے جاتے ہیں۔مٹھائی میں کچھ کھایاہو یا نہیں تقریباً ہر شخص نے گلاب جامن اور رس ملائی تو ضرور کھائی ہو گی ۔ گلاب جامن مختلف طرح کے بھی بنائے جاتے ہیں ۔ جن میں دہی والے ،دودھ میں ڈوبے ہوئے ،شیرے والے،کھوپرا لگے ہوئےاورکھوئے والے خاص پسند کیے جاتے ہیں۔رس ملائی کا منفرد دودھ ملائی سے بھرپور ذائقہ مزا دوبالا کر دیتا ہے۔انہیں گھرپر بھی با آسانی بنایاجاسکتاہے۔ہماری بہت سی خواتین گھرپر ہی مختلف طرح کے گلاب جامن اور رس ملائی بنانا پسند کرتی ہیں۔کیونکہ خواتین اپنے اہل خانہ کی صحت کے حوالے سے بہت محتاط رہتی ہیں کہ صرف گھر کا بنا صاف ستھرا کھائیں ۔ علاوہ ازیں خواتین کی خواہش بھی ہوتی ہے کہ ان کے گھر والے ان کے ہاتھوں سے بنی رس بھری مٹھائیوں کا مزہ لیں۔ہماری خواتین روایتی کھانے پکانے میں تو ماہر ہیں ہی مگر اب پسندیدہ گلاب جامن اور رس ملائی بھی بنائیں گی ۔خواتین کےاس ذوق کی پیش نذر مختلف گلاب جامن اور رس ملائی کی ریسیپیزتوجہ فرمائیں۔
گلاب جامن
اجزاء۔
کھویا ۔پانچ سو گرام
میدہ ۔پچاس گرام
بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ
انڈا۔ آدھا انڈا
پانی۔ دو کپ
چینی۔ دو کپ
الائچی ۔دو عدد
کھانے کا تیل۔ ڈیڑھ لیٹر
ترکیب۔
۔ایک پین میں پانی لیں اوراس میں چینی اور الائچی ڈال کر دس سے پندرہ منٹ تک ہلکی آنچ پر پکا لیں ۔
۔اب ایک بول میں کھویا ڈال کر باریک کرلیں اور اس میں میدہ ،بیکنگ پاؤڈراور انڈا ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں اور گوندھ لیں ۔
۔اب اس کوگول گول شکل کے گلاب جامن بنا لیں ۔
۔پھر ایک پین میں کھانے کے تیل کو گرم کرلیںاوراس میں تیار شدہ گلاب جامن ڈال کر لائٹ براؤن ہونے تک فرائی کرلیں ۔
۔اب گلاب جامن کو تیار شدہ شیرے میں ڈال کر دو سے تین گھنٹے رکھ دیں ۔
۔ مزیدار گلاب جامن سرو کرنے کے لئےتیار ہیں ۔
دہی کے گلاب جامن
اجزاء۔
میٹھا دہی۔ آدھا کلو
کھویا۔ آدھا کلو
چینی ۔تین پاؤ
گھی۔ ڈیڑھ پاؤ
میدہ ۔آدھا پاؤ
کیوڑا۔ ایک بڑا چمچ
ترکیب۔
1۔کھوئے کو خوب پھینٹ کر اس میں میدہ ملا دیں اور دونوں کو یک جان کر لیں پھردہی کپڑے میں باندھ کر لٹکا دیں ۔
2۔ پانی نکل جائے تو اسے بھی کیوڑے کے ساتھ کھوئے اور میدے میں ملا دیں۔
3 ۔لیٹر پانی میں چینی ڈال کر دو تار کی چاشنی تیار کر لیں۔
4 ۔کھوئے اور میدے کے ماوے کی گلاب جامن بنا لیں۔
5۔ فرائینگ پین میں گھی گرم کر یں اور گلاب جامنوں کو گہرے سرخی مائل رنگ میں تل کر چاشنی میں ڈالتے رہیں۔
6۔ دو گھنٹے تک شیرے میں ہی پڑا رہنےدیں۔
7۔طشتری میں نکالیں پھر پستے چھڑکیں اور ورق لگائیں۔
دودھ کے گلاب جامن
اجزاء۔
میدہ ۔آدھا کپ
بادام ۔آدھا کپ
پنیر ۔آدھا کپ (کاٹیج چیز)
کھانے والا سوڈا ۔آدھا چائے کا چمچ
شکر ۔تین کپ
پانی۔ دو کپ
دودھ۔ ایک لیٹر
عرق گلاب۔ ایک چائے کا چمچ
گھی۔ تلنے کے لئے
1۔بھگوئے ہوئے باداموں کا چھلکا اتار کر پیس لیں اور انہیں میدے اور کرش کئے ہوئے پنیر میں سوڈا ملا کر اچھی طرح گوندھ لیں اور ایک گھنٹے کے لئے ڈھک کر رکھ دیں۔
2۔اسی دوران ایک برتن میں شکر اور پانی ملا کر شیرہ تیار کرلیں۔
3۔گوندھ کر رکھے ہوئے آمیزے سے گلاب جامن تیار کریں۔
4۔پھر درمیانی حرارت پر گرم کئے ہوئے تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں یہاں تک کہ گولڈن براؤن ہوجائیں۔
5۔اب گلاب جامنوں کو شیرے میں ڈالتی جائیں تاکہ مِٹھاس ان میں جذب ہو جائے۔
6۔اب گلاب جامنوں کو شیرے سے نکال کر کسی گہرے پیالے میں احتیاط سے رکھ دیں۔
7۔دودھ کو دھیمی آنچ پر پکا کر اتنا گاڑھا کرلیں کہ وہ پک کر آدھے سے کچھ کم رہ جائے۔
8۔اس میں باقی رہ جانے والا شیرہ شامل کرکے دو سے تین منٹ تک پکائیں اور عرق گلاب ڈالنے کے بعد اس دودھ کو جامنوں پر ڈال دیں۔
9۔گرم یا ٹھنڈے جس طرح کھانا چاہیں سرو کر یں۔
رس ملائی
اجزاء۔
کارن فلور۔ 1چائے کاچمچ
دودھ۔ 2لیٹر
کاجو۔ 35گرام
بادام۔ 35گرام
پستہ۔ 35گرام
زعفران۔ 1چٹکی
کنڈنسڈ ملک۔ 1/2کپ
پانی۔ 4 کپ
چینی۔ 1 کپ
لیموں کارس۔ 3چائے کے چمچ
ترکیب
۔ایک پین میں دودھ (ایک لیٹر )لے کر اُبال لیں ۔
۔اب اس میں لیموں کا رس ڈال کر دودھ کی پھُٹکڑیاں بنا لیں ۔
۔اب اس دودھ کو ایک ململ کے کپڑے میں ڈال کر چھا ن لیں اور ہلکا سا نچوڑ کر فالتو پانی نکال لیں ۔
۔اب نچوڑی ہوئی پوٹلی کو دوبارہ تیس منٹ تک لٹکا لیں تاکہ مزید پانی نکل جائے ۔
۔اب پھٹے ہوئے دودھ کو ایک برتن میں ڈال کر اس میں کا رن فلور ڈال دیں اور ہلکا سا ملائم کر لیں اور اس کے پیڑے بنا لیں۔
۔پھر ایک پین میں پانی اور چینی لے کر اچھی طرح ہلا کر مکس کرلیں ۔
۔پھر چولھے کی آنچ کو تیز کر یں اور اس میں تیار کیے ہوئے پیڑے ڈال دیں ۔
۔اس کے بعد ڈھکن بند کر لیں اور اٹھارہ منٹ تک پکا کر نکال لیں ۔
۔اب تیار شدہ پیڑوں کو ایک برتن میں ڈال کر تیار شدہ شیرے میں ڈپ کریں اور ٹھنڈا کرلیں ۔
۔پھر ایک پین میں دودھ (تین کپ )لیں اوراس میں کنڈنسڈ ملک ،پستہ ،کاجو اور بادام ڈال کر بارہ سے پندرہ منٹ تک پکالیں اور گاڑھا ہونے پر اُتار لیں (دودھ ملائی تیار ہے )۔
۔اب ایک برتن میں پیڑے لیں اور اس پر تیار کی ہوئی دودھ ملائی ڈال دیں ۔
۔ مزیدار رس ملائی سرو کرنے کے لیے تیار ہے ۔