کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، جنرل سیکریٹری سندھ وقار مہدی، نائب صدر سندھ راشد حسین ربانی اور سینیٹر انور لال ڈین سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کراچی پہنچے جہاں انہوں نے بشپ جوزف کو ٹس کو کارڈینل بننے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا، بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ بشپ جوزف کوٹس کا کارڈینل کا عہدہ ناصرف کرسچن کمیونٹی بلکہ پورے پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے بہت جلد بلاول بھٹو زرداری بھی بشپ جوزف کوٹس کو مبارک باد دینے آئیں گے، سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشنز مہم کے دوران مسلم لیگ ن کے خلاف ہونے والا کریک ڈاؤن نگراں حکومت کے مینڈیٹ میں شامل نہیں، نگراں حکومت بلاول زرداری پر بھی مختلف پابندیاں لگارہی ہے،پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ ملک میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے بجائے نگراں حکومت سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگارہی ہے، پی پی رہنما نے نگراں حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ من پسند لیڈر اور اس کی جماعت کو کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں جو سراسر امتیازی سلوک ہے۔