• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ بار راولپنڈی کا دھماکوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)راولپنڈی کی وکلاء قیادت نے ملک حالیہ خودکش بم دھماکوں کی لہر اور سینکڑوں جانوں کے شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے صدر حسن رضا پاشا،جنرل سیکرٹری حفصہ بخاری،ڈسٹرکٹ بار کے صدر خرم مسعود کیانی اورپنجاب بار کونسل کے رکن سید زوالفقار عباس نقوی نےپشاور میں ہارون بلور پر خودکش حملہ میں دو درجن کے قریب شہادتوں اور بلوچستان کے علاقہ مستونگ اور بنوں میںانتخابی ریلیوں میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں130 سے زائدافراد کی شہادت اور تقریباً200 سے زائدافراد کے زخمی ہونے پر دلی افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے اور مرحومین کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔انہوں نے الیکشن مہم کے دوران حالیہ دہشتگردی کی لہر کو ملک کی سلامتی کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن کے دوران پر امن ماحول مہیا کرنا اور عوام کے جان ومال کا تحفظ نگران حکومت کی اولین ذمہ داری ہے مگر وہ اس ذمہ داری کو ادا کرنے میں بالکل ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ یہ بم دھماکے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کی ناکامی بھی ثابت ہورہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سیکیورٹی اداروں کو عوام کے تحفظ کے لئے سخت اقدامات کا پابند کرے اور ان بم دھماکوں میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور عوام میں ریاستی اداروں کی کارکردگی پر عوام میں جو تشویش پائی جارہی ہے اسے کم کیا جائے۔
تازہ ترین