• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے، عمران خان

ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے، عمران خان

میانوالی (ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیے‘حکمرانوں کی چوری کی قیمت عوام نے ادا کی‘ خرچے پورے کرنے کیلئے قرضے لئے گئے ‘ قرضے واپس کرنے کے لیے ٹیکس لگا کر مہنگائی کی گئی‘ عوام 25جولائی کو ایسے لوگوں کو مسترد کردیں‘آزادامیدواراپنافائدہ توکرسکتاہے مگرعوام کا نہیں ۔پیرکو میانوالی کے علاقہ پیپلاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انتہائی بُری خبر یہ ہے کہ دس سال پہلے ڈالر60روپے کا تھا آج ڈالر 130روپے کا ہو گیا ہے‘روپے کی قدر کم ہونے سے ایک ہزار ارب روپے کے مذید قرضے چڑھ گئے ہیں‘ یہ قرضے مہنگائی کے ذریعے عوام ادا کرے گی‘ ملک کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بڑھتے ہوئے قرضے ہیں‘ گزشتہ پانچ سال میں مہنگی بجلی خرید کر عوام نے ان کی چوری کی قیمت ادا کی ‘دس سال پہلے آٹا 13روپے کا تھا آج 45روپے کلو ہے‘ اب ن لیگ کے لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو پوچھنا ایک چیز بتائو جو تم نے ٹھیک کی‘ غذائی کمی کی وجہ سے بچوں کی مکمل نشوونما نہیں ہو پاتی اس کی وجہ کرپشن ہے‘ پانچ سال میں ن لیگ نے ملک کا 36سو ارب روپے کا نقصان کیا 25جولائی کو سب کو باہر نکالنا ہے اور کہنا ہے کہ بلے کو ووٹ دو نظریے کو ووٹ دو‘ آزاد کھڑے ہونیوالے پی ٹی آئی کے لوگ پارٹی اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں آزاد امیدوار کامیاب ہونے کے بعد اپنا تو فائدہ کر سکتا ہے عوام کا نہیں‘ کیونکہ وہ منتخب ہو کر اپنے آپ کو نیلام کرے گا‘عمران خان نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ پیسہ چوری ہے ،جب ملک کا وزیراعظم اور وزیر خزانہ چوری کرتے ہیں تو یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے ’بلی کو دودھ کی رکھوالی پر لگا دیاہو‘ اور اس کی قیمت پھر عوام ادا کرتے ہیں۔

تازہ ترین