• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرہ، انتخابی جلسہ کے دوران اسٹیج گر گیا،پرویز خٹک سمیت 7زخمی

نوشہرہ ( نمائندہ جنگ ) سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ایک انتخابی جلسہ کے دوران اسٹیج سے گر کر زخمی ہو گئے ۔ واقعہ میں پرویز خٹک سمیت 7 دیگر افراد بھی زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ پرویز خٹک کو کمر پر چوٹ آئی ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں کم از کم ایک ہفتہ تک مکمل بیڈ ریسٹ کا کہا ہے ۔ گزشتہ شب نوشہرہ کے علاقہ مغلکئی میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران اسٹیج پر لوگوں کا ایک ہجوم چڑھ گیا جس سے سٹیج ٹوٹ کر نیچے گر گیا اور اسٹیج پر 24 سے زائد افراد نیچے گر گئے ۔ واقعہ میں پرویزخٹک سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی گئی۔ سابق وزیر اعلیٰ کو کمر پر شدید چوٹیں آئی ہیں ۔ بعد ازاں انہیں نیورو فزیشن کے پاس بھی لے جایا گیا جنہوں نے تفصیلی طبی معائنہ کے بعد پرویز خٹک کو 7 دن تک مکمل بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا۔ دریں اثنا ء پی ٹی آئی کے میڈیا کوآرڈینٹر افتخار درانی کے مطابق حادثہ معمولی تھا جس میں پرویز خٹک کو کمر پر چوٹ آئی تاہم ان کی حالت خطرے سے محفوظ ہے، ڈاکٹرز نے پرویز خٹک کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔ صحت یاب ہوتے ہی پرویز خٹک انتخابی مہم دوبارہ شروع کریں گے۔

تازہ ترین