• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹر کمیشن، سکھر کے قبرستان کی اراضی سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)امیرہانی مسلم نےسکھر کے قبرستان کی اراضی پر قبضہ اوربرسات کا پانی جمع ہونے پر شدید برہمی کا اظہارکرتےہوئے ڈی آئی جی سکھر کو تجاوزات ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیاہے۔کمیشن کے سربراہ نے میونسپل کمشنر سکھر سمیت متعلقہ افسران کی سخت سرزنش کرتےہوئے ریمارکس میںکہاہےکہ آپ لوگوں کو خدا کا خوف نہیں ہے،کیاآپ لوگوں کو کبھی مرنا نہیں ہے؟ قبرستان کی اراضی پر جب قبضہ ہوا تو اس وقت انتظامیہ سو رہی تھی؟کمیشن کو ایکسین سکھر نے بتایاکہ پانی نکال رہے ہیں مہلت دی جائے سارا پانی نکال کررپورٹ پیش کر دینگے، جس پر کمیشن کے سربراہ نے ریمارکس میں کہاکہ ایک ہفتہ ہوگیا اور کتنی مہلت دی جائے؟ اس موقع پرمیونسپل کمشنرسکھر نے اعتراف کرتےہوئےکہاکہ 45 ایکڑ اراضی پر مشتمل سکھرقبرستان کی 90 فیصد اراضی پر قبضہ ہے ۔واٹرکمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)امیرہانی مسلم ننے ڈی آئی جی سکھر کو قبرستان قبضہ شدہ اراضی واگزار کرانے کا حکم دیا اور تجاوزات ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین