سکھر (چوہدری محمد ارشاد/بیورو رپورٹ) جوں جوں انتخابات کا وقت قریب آرہا ہےانتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ایک طرف صبح سے رات گئے تک مختلف علاقوں میں جلسے، کارنر میٹنگ اور علاقہ مکینوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ بھی کیا جارہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے حق میں راہ حق پارٹی کے دو امیدوار دستبردار ہوگئے ہیں جس پر سید خورشید احمد شاہ نے پیپلزپارٹی کے حق میں دستبرداری کے فیصلے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب راہ حق پارٹی کے پی ایس24اور این اے 207کے امیدوار حافظ محمد زمان نے پی ایس 24سکھر کی نشست پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کے فرزند سید فرخ شاہ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا اور این اے 207 پر دستبردار نہ ہوتے ہوئے انتخابی معرکے میں موجود رہنے کا اعلان کیا۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے راہ حق پارٹی کے رہنماؤں سے کہا کہ جس طرح وہ پی ایس24پر سید فرخ شاہ کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں اسی طرح این اے 207پر پیپلزپارٹی کے امیدوار نعمان اسلام شیخ کے مقابلے میں بھی دستبردار ہوجائیں۔ سید خورشیدا حمد شاہ کی اس بات پر راہ حق پارٹی کے امیدوار حافظ محمد زمان نے دونوں نشستوں پر دستبردار ہونے کا اعلان کیاجس پر سید خورشید احمد شاہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ پیپلزپارٹی کے مخالف مضبوط اتحاد اور تحریک انصاف ، ایم ایم اے ، ایم کیو ایم پاکستان، آزاد امیدوار اور دیگر جماعتیں میدان میں موجود ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ راہ حق پارٹی کے امیدوار پیپلزپارٹی کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے این اے 207کے امیدوار مبین جتوئی جنہیں جی ڈی اے ، ایم کیو ایم پاکستان سمیت بعض دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے وہیں پاکستان سنی تحریک ضلع سکھر کے عہدیداران نے بھی مبین جتوئی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔سکھر میں قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر مقابلے سخت اور دلچسپ دکھائی دے رہے ہیں، سید خورشید احمد شاہ اپنی نشست پر کافی مطمئن نظر آتے ہوئے دیگر امیدوارون کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے اور اپنی سابقہ کامیابی کو برقرار رکھنے کے لئے صبح سے رات گئے تک سرگرم عمل رہتے ہیں، وہ این اے 206کے ساتھ ضلع کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر جلسہ عام، کارنر میٹنگ ، انتخابی اجتماعات سے خطاب کے ساتھ علمائے کرام ، تاجروں، صنعت کاروں، مختلف مکاتب فکرکے لوگوں اور تمام حلقوں کی برادریوں کی با اثر افراد سمیت دیگر لوگوں سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں اور مکمل طورپر سکھر ضلع میں کلین سوئپ کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں۔