• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر رینج کے تینوں اضلاع،انتخابات کو پر امن اور شفاف بنانے کیلئے پولیس ہائی الرٹ

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر رینج کے تینوں اضلاع میں عام انتخابات 2018 کو مکمل طور پر پر امن اور صاف و شفاف بنانے کے لئے پولیس کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی، سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ پولنگ اسٹیشنوں کی نگرانی اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ڈی آئی جی سکھر رینج آزاد خان نے تمام پولیس افسران کو ہدایات دیں ہیں کہ 2018کے عام انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کے لئے پولیس اپنے پیشہ وارانہ فرائض احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے غیر جانبدار رہ کر اس عمل کو بہتر انداز سے مکمل کرائے، الیکشن کو پر امن بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں، الیکشن کے دوران ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، منصفانہ ، غیرجانبدار الیکشن کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری احسن انداز میں ادا کرنی ہے،سکھر، گھوٹکی، خیرپور اضلاع کے پولیس افسران اس حوالے سے ہرممکن اقدامات کریں اور تمام تر وسائل، صلاحیتیں بروئے کار لائیں، فرائض میں غفلت کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتخابات 2018کے حوالے سے ڈی آئی جی سکھر رینج آزاد خان کی سربراہی میں پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ انتخابی عمل کو صاف و شفاف انداز میں مکمل کرایا جائے ،پولیس کی اولین ترجیح عوام کی جان ومال کا تحفظ اور الیکشن کے انعقاد کو صاف وشفاف بنانا ہے۔ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کیمرے نصب کئے جارہے ہیں جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات ہوگی، پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی سکھر رینج نے تمام ضلعی پولیس افسران کو واضح طور پر یہ ہدایات دیں ہیں کہ انتخابی عمل کی مکمل نگرانی کی جائے، اپنے اپنے اضلاع میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ امیدواروں کے پولیس کے حوالے سے اگر کوئی مسائل ہوں توانہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، کسی قسم کی کوئی تفریق نہ رکھی جائے سب کے ساتھ یکساں سلوک اختیار کیا جائے کیونکہ پولیس کی نظر میں الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدوار ایک برابر ہیں، کوئی چھوٹا اوربڑا نہیں ہے، ہمیں اپنے فرائض کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہے۔قوانین کے مطابق انتخابی عمل کو مکمل طور پر صاف و شفاف بنانے میں اپنا کلیدی کردار اداکریں۔ ڈی آئی جی سکھر رینج نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد جہاں امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے اور ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی ہے، وہیں 2018کے عام انتخابات کو خصوصی طور پر فوکس کیا گیا ہے، کیونکہ انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اس حوالے سے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔عام انتخابات 2018میں سکھر ڈویژن کے تین اضلاع سکھر ، گھوٹکی اور خیرپور میں قومی اسمبلی کی 7 اور صوبائی اسمبلی کی 15 نشستوں پر مجموعی ووٹرزکی تعداد24 لاکھ 51 ہزار 736ہے جن میں مرد ووٹرز 13لاکھ 57ہزار16 ، خواتین ووٹرز 10 لاکھ 94 ہزار720شامل ہیں ان ووٹرز کے لئے تینوں اضلاع میں 2059 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں مردوں کیلئے 520 اور خواتین کیلئے 502 جبکہ مشترکہ 1037 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ڈویژن میں حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کی تعداد 1502 ہے۔اور مجموعی طور پر 6072 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے،جن میں مردو ں کیلئے 3305اور خواتین کے 2767 پولنگ بوتھ ہوں گے۔

تازہ ترین