• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا مقصد پاکستان سے کرپٹ مافیا کا خاتمہ کرنا ہے، زاہد حسین

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے چوہدری زاہد حسین بھدر اور سینئر رہنما اویس ورک نے برسلز کے مقامی ہال میں فنڈ ریزنگ پروگرام منعقد کیا جس کا بنیادی مقصد25جولائی کے انتخابات میں پارٹی کی مالی مدد کرنا تھا۔ اس موقع پر زاہد حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کو عمران خان کے نظریے سے روشناس کرانا چاہتا ہوں تاکہ وہ بھی جان جائیں کہ عمران خان کا مقصد پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی خاطر ملک سے کرپشن مافیا کا خاتمہ کرکے سستے انصاف کی فراہمی اور عوام کو بنیادی سہولیات دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سابقہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی کرپشن کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نمائندوں کا مقصد ملک و قوم کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کرنا ہے لیکن پاکستان میں حکومتی ایوانوں میں داخل ہوکر کرپٹ سیاسی عناصر پاکستانی عوام کے حقوق کا استحصال کرتے ہیں۔ انہوں نے پوری قوم کو ایک پیج پر متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ سینئر رہنما اویس ورک نے خطاب کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ ہمیں عمران خان کی بھرپور مدد کرنی چاہیے کیونکہ انہوں نے پچھلے اٹھارہ سال سے کرپشن کے خلاف اکیلے ہی جہاد کرتے ہوئے کرپٹ مافیا کو اقتدار کے ایوانوں سے الگ کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور عدلیہ نے تاریخ ساز فیصلہ کرتے ہوئے شریف خاندان کی کرپشن کو بے نقاب کردیا۔ اویس ورک نے کہا کہ پوری قوم پاکستان میں ناگزیر تبدیلیوں سے بہت جلد ترقی یافتہ صفوں میں شامل ہوجائے گی۔ جوائنٹ سیکرٹری شفیق جٹ نے کہا کہ شریف خاندان کے تمام اثاثے منجمد کیے جائیں اور ملکی دولت لوٹنے والے لٹیروں کا کڑا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے پی ٹی آيی بلجیم کے بانی چوہدری زاہد حسین بھدر کی پی ٹی آئی کے لیے خدمات کو زبردست انداز میں سراہا۔ سینئر رہنما ملک ریاض نے علامہ اقبال کی نظم پڑھتے ہوئے کہا کہ یہ نظم عمران خان کے لیے ہی لکھی گئی ہے۔ ’’یارب دل مسلم کو وہ زندہ عنا دے جو روح کو گرما دے‘‘ پڑھ کر داد وصول کی۔ جنرل سیکرٹری آصف برلاس نے پرجوش لہجے میں روک سکو تو روک لو تبدیلی آئی ہے کا نعرہ لگایا اور وہاں آئی فیملیز کو گائیڈ کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان میں اپنے عزیز رشتہ داروں سے رابطہ کریں اور انہیں پی ٹی آيی کو ووٹ اور سپورٹ کرنے پر آمادہ کریں۔ شہباز غنی نے عمران خان کی زندگی کے کامیاب لمحوں پر مبنی دستاویزی فلم پر روشنی ڈالی اور نئی نسل کو پیغام دیا کہ وہ تحریک انصاف کو اپنے ووٹ کی طاقت سے کامیاب کرائیں۔ پروگرام میں غلام ربانی، شکیل، شعیب نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں اندرلخت کے منتخب کونسلر امین الحق کا تعارف کروایا گیا، جب کہ پی ٹی آئی بلجیم کے سینئر رہنما مہر مالک نے نعتیہ کلام پیش کیا۔
تازہ ترین