بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ وہ 2014ء کے دھرنے کی انکوائری کےلیے تیار ہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے2014 کے دھرنے سے متعلق خود پر لگائے گئے تمام الزامات غلط قراردے دیے۔
انہوں نے کہا کہ تمام الزامات غلط ہیں، میں 2014 کے دھرنے کی انکوائری کے لیے تیار ہوں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ دھرنے کی انکوائری کمیٹی میں پیش ہو کر مجھے خوشی ہوگی، 2013ء کا الیکشن ریٹرننگ آفیسرز (آراوز ) کا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور سینیٹ الیکشن فراڈ ہیں، نگراں وزیراعظم کے فارم 47 پر بیان کے بعد حکومت سے کیا مذاکرات ہو سکتے ہیں؟