کوئٹہ (نمائندہ جنگ)نیب نے لورالائی میں زیر تعمیر ماڑا تنگی ڈیم میں کروڑوں کی مبینہ کرپشن کا نوٹس لیکر انکوائری ٗ ژوب کے اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر، جعلی ہاؤسنگ اسکیم کے جعلساز اور لوکل گورنمنٹ کے ایس ڈی او کے کروڑوں روپے کے اثاثوں کی چھان بین کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ گزشتہ روز ڈائیریکٹر جنرل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ کی زیر صدارت ہونے والے ریجنل بورڈ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ اربوں روپے کی لاگت سے لورالائی میں بننے والے ڈیم کی تعمیر کی جگہ ذاتی مفادات کوقومی مفاد پر ترجیح دیتے ہوئے تبدیل کی گئی۔ بد نیتی کی بنیاد پر نظر ثانی کرکے منصوبے کی لاگت بڑھائی گئی جس سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچااجلاس کو ژوب میں سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر میں محکمہ سپورٹس اور بی اینڈ آر کے افسران کی کروڑوں کی مبینہ کرپشن کی بابت آگاہ کیا گیا،حسن گارڈن ہاؤسنگ سکیم میں عوام سے کروڑوں روپے کے فراڈ جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ایس ڈی او عبدالنبی جتک کے ذرائع آمدن سے زائد کروڑوں کے اثاثوں کی بھی انکوائری کی منظور ی دے دی گئی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان مراز محمد عرفا ن بیگ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام قلت آب ، صحت عامہ، کھیل اور تعلیم سمیت کئی شعبوں میں چند افراد کی کرپشن کی وجہ سے زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ قومی احتساب بیورو ان تمام کرپٹ افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیگا ۔