جہلم(طارق مجید کھوکھر)حلقہ این اے 67میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں میں مقابلے کا رجحان،دونوں پارٹیوں کے ناراض گروپ کسی کی بھی فتح کو ہار میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری دو حلقوں سے الیکشن لڑنے پر مختلف برادریوں کی حمایت سے محروم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 67میں تحریک انصاف کے امیدوار فواد چوہدری ، مسلم لیگ ن کے نوابزادہ مطلوب مہدی ، تحریک لبیک کے سید نعمان حیدرمد مقابل ہیں،یہاں ذیلی حلقہ پی پی 27پربھی خود الیکشن لڑنے کی وجہ سے فواد چوہدری سے کئی برادریاں ناراض ہیں، جس کا ان کو نقصان ہو سکتا ہے جبکہ ان کے مد مقابل ن لیگ کے راجہ مطلوب مہدی برادریوں کی ناراضگیوں کو دور کر کے صلح کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ، جس کی وجہ سے ان کی پوزیشن مضبوط ہے۔ پی پی27سے ن لیگ کے حاجی ناصر للٰہ فواد چوہدری کے مد مقابل ہیں، جن کا اس علاقے میں عزت کے ساتھ ساتھ ایک مقام ہے ۔این اے 66ایک دلچسپ صورتحال میں تبدیل ہو چکا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے دو امیدوار سابق ضلع ناظم چوہدری فرخ الطاف اور خدمت گروپ کے چوہدری محمد ثقلین کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری ندیم خادم میدان میں ہیں۔