• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کھانوں کا مزہ، ذائقے دار چٹنی کے ساتھ!

چٹنی ہندی زبان کا لفظ ہے جو کہ موجودہ دور میں عموماً مصالحہ جات کو محفوظ کرنے اور ساتھ ہی ساتھ تازہ رکھنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔جبکہ چند ہندی ہندی زبانوں میں چٹنی کا لفظ محض تازہ کھانوں کی تیاری کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ہندوستان میں مختلف اقسام کی چٹنیاں اچار کی مانند سورج کی روشنی میں تقریباً دو ہفتے کے لئے رکھ دی جاتی تھیں ۔ بعد ازاں ان چٹنیوں کو کم ازا کم ایک سال کے لئے محفوظ کیا جاتا تھااور اس میں ایسے اجزاء کا استعمال کیا جاتا تھا جن کو اگر کچھ عرصے کے لئے رکھ بھی دیا جائے تو بھی خراب نہ ہو۔

اچار کی طرح استعمال ہونے والی چند چٹنیاں جو مختلف مصالحہ جات سے تیار کی جاتی تھیں ،ان کا آغاز پانچ سو قبل مسیح میں ہندوستان سے ہوا۔ کھانے محفوظ کرنے کا یہ طریقہ کار بعد ازاں یونان اور پھر برطانوی راج میں استعمال ہونے لگا۔

چٹنیوں میں عموماً دھنیے ،پودینے اور ہری مرچوں کا استعمال مقبول ہے اور خواتین وقت کے ساتھ ساتھ اس میں ذوق کے مطابق اجزاء کا اضافہ کرتی رہتی ہیں۔ موجودہ دور میں چٹنیوں کا استعمال تقریباً تمام تر کھانوں کے ساتھ ان کی مناسبت سے کیا جاتا ہےاور یہ چٹنیاں کھانوں کے لطف کو دوبالا کرتی ہیں۔ ہر عمر کے لوگ اسے شوق سے کھاتے ہیں حتیٰ کہ مختلف چٹنیاںسالن کے بغیر روٹی کے ساتھ بھی کھائی جاتی ہیں کیونکہ ان میں مصالحہ جات کے ساتھ سبزیوں کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔قارئین کی پسند اور ذائقے کو مدِ نظر رکھتے ہوئےچند چٹنیوں کی مزیدار تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

تلسی کی چٹنی

اجزاء:

تلسی کے پتے ۔ایک کپ

ہری مرچ ۔چھ عدد

لہسن۔ چھ جوئے

زیرہ (بھنا ہوا)۔ دو چائے کے چمچ

دھنیا (ثابت، بھنا ہوا) ۔ دو کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا۔ آدھی گٹھی

املی کا گودا ۔ایک کپ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

ترکیب:

بلینڈر میں تلسی کے پتے، ہری مرچ، لہسن، زیرہ،ثابت دھنیا، ہرا دھنیا، املی کا گودا اور نمک ڈال کر بلینڈ کرلیں۔تلسی کی چٹنی تیار ہے۔

ساور کریم

اجزاء:

کریم ۔ایک کپ

لیموں کا رس۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

پارسلے(خشک) ۔ ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ ۔ آدھا چائے کا چمچ

ہرا دھنیا (تازہ، کٹا ہوا) ۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

کریم کو لال مرچ فلیکس، پارسلے اور نمک کے ساتھ بلینڈر میں بلینڈ کرلیں۔پھر آہستہ آہستہ لیموں کا رس شامل کرتے جائیں اور بلینڈ کرتے جائیں۔جیسے ہی آپ کو لگے کہ کریم گاڑھی ہونے لگ گئی ہے تو اس میں لیموں کا سارا رس ڈال دیں یہاں تک کہ کریم کھٹی ہوجائے۔پھر ہرا دھنیا ڈال کر ٹھنڈا کرلیں۔ ٹھنڈا کرکے سالسہ یا پاستا کے اوپر ڈال کر سرو کریں۔

یوگرٹ ڈِپ

اجزاء:

دہی۔ ایک کپ

ہری مرچ( پیسٹ)۔ ایک چائے کا چمچ

ہرا دھنیا(باریک کٹا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

مایونیز۔ دو کھانے کے چمچ

کریم ۔دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

پہلے ایک پیالے میں دہی، مایونیز، کریم ، ہری مرچوں کا پیسٹ، کالی مرچ اور نمک کو اچھی طرح مکس کریں۔اب اسے باریک کٹا ہرا دھنیےگارنش کرکے سروکریں۔

چکن اور دہی کا رائتہ

اجزاء:

چکن۔ سو گرام

پیاز۔ ایک عدد

دہی۔ آدھا کلو

لال مرچ(کٹی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

زیرہ (بھنا ہوا) ۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

لہسن (پسا ہوا)۔ ایک چائے کا چمچ

ادرک (باریک کٹا ہوا)۔ دو کھانے کے چمچ

ٹماٹر (باریک کٹے ہوئے)۔ دو عدد

پودینے کے پتے (باریک کٹے ہوئے)۔ دو چائے کے چمچ

کھیرا (باریک کٹا ہوا)۔ایک عدد

ترکیب:

چکن میں نمک اور لہسن ڈال کر اُبال لیں اور گل جانے پر ریشہ الگ کر دیں۔مٹی کی چھوٹی ہانڈی میں دہی پھینٹ کر لال مرچ اور ادرک ڈال کر یکجان کرلیں۔اوپر سے ٹماٹر، پودینہ، کھیرا، تھوڑا سا گرم مصالحہ اور زیرہ ڈال دیں۔آخر میں پیاز لال کرکے بگھار ڈال دیں، لذیذ رائتہ تیار ہے۔

لہسن اور ہری مرچوں کی چٹنی

اجزاء:

لہسن۔ دس جوئے

ہری۔ مرچ چھ عدد

ہرا دھنیا ( باریک کٹاہوا) ۔آدھی گڈی

پودینہ ( باریک کٹاہوا) ۔چار کھانے کے چمچ

اِملی کا پانی ۔آدھی پیالی

نمک۔ حسبِ ذائقہ

لال مرچ ۔چُٹکی بھر

ترکیب:

لہسن، ہری مرچیں، ہرا دھنیا، پودینہ، لیموں اور اِملی کو اچھی طرح پیس لیں۔اب اِس میں نمک اور لال مرچ مکس کر دیں۔مزیدار لہسن اور ہری مرچوں کی چٹنی کھانے کے ساتھ پیش کریں۔

ہنی مسٹرڈ ڈِپ

اجزاء:

مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

مایونیز۔ دو کھانے کے چمچ

شہد۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ ایک چٹکی

کالی مرچ۔ ایک چٹکی

ترکیب:

ایک پیالے میں مسٹرڈ پیسٹ، مایونیز، شہد، نمک اور کالی مرچ ڈال کر مکس کر لیں۔ہنی مسٹرڈ ڈپ تیار ہے۔

املی اور پودینے کی چٹنی

اجزاء:

املی کا رس۔ ایک کپ

پودینہ۔ آدھی گٹھی

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

بلینڈر میں پودینہ، لال مرچ، زیرہ اور نمک ملا کر ایک ساتھ پیس لیں اور اس میں املی کا رس شامل کردیں۔مزے دار املی اور پودینے کی چٹنی تیار ہے۔

کیری کا رائتہ

اجزاء:

کیری (کیوبز میں کٹی ہوئی) ۔آدھا کپ

کھیرا (کدو کش کیا ہوا)۔ایک کپ

آلو (ابلے ہوئے)۔ آدھا کپ

دہی۔ ایک کپ

دودھ۔ ایک چوتھائی کپ

پیاز۔ دو کھانے کے چمچ

ہری مرچ۔ ایک عدد

لال مرچ (پسی ہوئی)۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

بگھار کے لئے:

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

رائی۔ آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ (ثابت) ۔تین سے چار عدد

کری پتہ ۔چھ سے آٹھ عدد

ترکیب:

دہی کو پھینٹ کر اس میں دودھ شامل کریں۔کیری، آلو اور کھیرے کو پھینٹے ہوئے دہی اور دودھ میں مکس کریں۔اب پیاز، ہری مرچ، پسی لال مرچ اور نمک ڈال کر سرونگ پلیٹ میں نکال لیں۔ ایک فرائی پین میں تیل گرم کرکے اس میں زیرہ، رائی، کری پتہ اور ثابت لال مرچ کو بھون لیں۔پھر رائتے پر بگھار لگائیں اور کیری کا رائتہ تیار ہے۔

چیز ساس

اجزاء:

چیز (کدو کش کی ہوئی) ۔دو سو گرام

دودھ۔ ایک کپ

مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

ہاٹ ساس۔ ایک چائے کا چمچ

لہسن (کٹا ہوا)۔ ایک چائے کا چمچ

چکن اسٹاک۔ ایک عدد

کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ترکیب:

ایک پین میں دودھ گرم کرلیں۔پھر اس میں مسٹرڈ پیسٹ، ہاٹ ساس، لہسن، چکن اسٹاک، کالی مرچ، نمک اور چیز ڈال کر چمچ کی مدد سے مکس کرکے ڈھانپ کر پکنے دیں۔جیسے ہی چیز پگھل جائے تو پیالے میں ڈال کر سرو کریں۔

کوکٹیل سوس

اجزاء:

دہی۔ ایک کپ

مایونیز۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ (کُٹی ہوئی)۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

چلی گارلک سوس۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

ایک پیالے میں یوگرٹ، مایونیز، نمک، لیموں کا رس، کُٹی لال مرچ اور چلی گارلک سوس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔مزیدار کوکٹیل سوس تیار ہے۔

تاہینی سوس

اجزاء:

سفید تل ۔ایک کپ

لہسن۔چھ سے پانچ جوئے

زیتون کا تیل ۔ایک چوتھائی کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب:

تل اور لہسن کو تھوڑے سے پانی میں پکا لیں اتنا کہ پانی خشک ہو جائے۔بلینڈر کے جگ میں لہسن، تل اور زیتون کا تیل ڈال دیں پھر نمک شامل کر کے بلینڈ کر لیں۔اتنا بلینڈ کریں کہ سموتھ پیسٹ بن جائے، تاہینہ سوس تیار ہے۔

مایونیز

اجزاء:

تیل۔ ایک کپ

انڈا ۔ایک عدد

سفید سرکہ۔ ایک چائے کا چمچ

سفید مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ترکیب:

ایک پیالے میں تیل، انڈا، سفید سرکہ، سفید مرچ، نمک اور مسٹرڈ پیسٹ ڈال کر الیکٹریکل بیٹر کی مدد سے دو سے تین منٹ کے لئے بیٹ کریں۔مایونیز تیار ہے۔

کھٹی میٹھی چٹنی

اجزاء:

املی کا گاڑھا گودا ۔ایک کپ

چینی۔ آدھا کپ

لال مرچ (پسی ہوئی) ۔آدھا چائے کا چمچ

زیرہ (پسا ہوا)۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

لہسن کا پیسٹ۔ آدھا چائے کا چمچ

ترکیب:

املی کا گاڑھا گودا، چینی، پسی لال مرچ، پسا زیرہ، نمک اور لہسن کا پیسٹ ملا کر پکالیں، یہاں تک کہ وہ گاڑھا ہو جائے۔کھٹی میٹھی چٹنی تیار ہے۔

پائن ایپل سویٹ اینڈ سار سوس

اجزاء:

پائن ایپل ۔ایک کپ

سرکہ۔ آدھا کپ

کیچپ ۔تین چوتھائی کپ

چلی ساس۔ دو کھانے کے چمچ

لہسن۔ دو سے تین جوئے

براؤن شوگر۔ چار کھانے کے چمچ

لال مرچ (کٹی ہوئی)۔ایک چائے کا چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

ترکیب:

بلینڈر میں پائن ایپل، سرکہ، کیچپ، چلی ساس، لہسن، براؤن شوگر، کٹی لال مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔پھر پین میں گاڑھا ہونے تک پکائیں اور سرو کریں۔

کھجور کی لال چٹنی

اجزاء:

کھجوریں۔ دس سے بارہ عدد

براؤن شوگر۔ چار کھانے کے چمچ

لال مرچ (پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

سونٹھ۔ آدھا چائے کا چمچ

املی کا گودا ۔آدھا کپ

سفید زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

فوڈ کلر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ترکیب:

پہلے ایک بلینڈر میں کھجور، براؤن شوگر، پسی لال مرچ، سونٹھ، املی کا گودا، سفید زیرہ اور ایک کپ پانی ڈال کر بلینڈ کر لیں۔پھر ایک پین میں اس مکسچر کو ڈال کر پکا لیں۔ جب مکسچرپکنے والا ہو تو اس میں فوڈ کلر ڈال دیں تاکہ اس کا رنگ تبدیل ہو جائے۔پھر جب اس میں گاڑھا پن آجائے تو چولہے سے اتار لیں اور ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین