لاہور(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے معروف فلم اسٹار بابرہ شریف کی جائیداد پر قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے پراپرٹی کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مقامی جیولر غلام علی زاہد کو 25جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار نے بابرہ شریف کی درخواست پر نوٹس لیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مقامی جیولر غلام علی زاہد نے ان کی پراپرٹی کو کرائے پر حاصل کیا لیکن اب کرایہ ادا نہیں کیا جا رہا ،بابرہ شریف کے مطابق دادرسی کے لیے مختلف فورم سے رجوع کیا لیکن ابھی تک شنوائی نہ ہو سکی ،بابرہ شریف نے چیف جسٹس پاکستان سے استدعا کی کہ ان کی پراپرٹی وا گزار کروائی جائے اور انہیں بقایا کرایہ کی رقم واپس دلائی جائے، کارروائی کے بعد بابرہ شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان کی بدولت انہیں انصاف ملے گا علاوہ ازیں بابرہ شریف کی سپریم کورٹ آمد پر درجنوں افراد جمع ہوگئے وکلاء اور دیگر لوگوں نے ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔