سکھر (بیورو رپورٹ) عام انتخابات 2018کے لئے سیاسی و مذہبی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو گھروں سے پولنگ اسٹیشن تک پہنچانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کے باہر کیمپ کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں تاکہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے وہاں پہنچیں تو اسے ووٹ سلپ بناکر دی جاسکے جس سے انہیں ووٹ ڈالنے میں آسانی رہے، مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے سکھر سٹی، پرانا سکھر، روہڑی، کندھرا، صالح پٹ، باگڑجی سمیت ضلع بھر میں جہاں جہاں پولنگ اسٹیشن قائم ہیں ان سے کچھ دوری کے فاصلے پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے کیمپ قائم کئے گئے ہیں ان کیمپوں میں ووٹرز کے لئے ٹھنڈا پانی اور پنکھے کی سہولت بھی موجود ہے، لوگوں کے گھروں تک ووٹر سلپ پہنچانے کا سلسلہ بھی رات دیر گئے تک جاری رہا۔ شدید گرمی کے باوجود مختلف امیدواروں کے حمایتی افراد اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف عمل دکھائی دیے۔ پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات ہونیوالے پولنگ ایجنٹوں سے بھی رابطے کرکے انہیں ذمہ داریاں سونپی گئیں ،جبکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے پولنگ ایجنٹوں کو ضروری سامان جس میں خاص طور پر اسٹیشنری کا سامان شامل ہے وہ دیا گیا۔دوسری جانب ووٹرز کو گاڑیوں کے ذریعے گھروں سے پولنگ اسٹیشن تک پہنچانے کیلئے چھوٹی و بڑی گاڑیوں کی ایڈوانس بکنگ کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔