سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماسید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ آج الیکشن خیر سے ہوئے، کوشش کی گئی امن سے ہو،پولنگ کے بعد ہمارے خدشات بڑھنے لگے ،ہمیں ان آفیشل رزلٹ دیئے گئے،میں نے ڈی آر او سے چار بار بات کی وہ کہتے ہیں کہ آپ کو فارم 45 ملنا چاہیئے یہ آپ کا حق ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن ودیگر حکام سے بات کی کوئی سننے کو تیار نہیں، میں شہباز شریف کی بات نہیں کروں گا، الیکشن میں کوئی شکایت نہیں تھی مگر اب ڈر ہے کہ کہیں گڑ بڑ نہہوجائے، ابھی بھی سکھر کی بات کروں گا ، ابھی کچھ معلوم نہیں، میں بار بار کہتا آیاہوں اور اب بھی کہہ رہا ہوں کہ عوام کو فیصلہ کرنے دو۔وہ سکھر پریس کلب میں رات دیر گئے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ این اے 207سے پیپلزپارٹی کے امیدوار نعمان اسلام شیخ بھی موجود تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ خیر سے الیکشن ہوں اور ایسا ہی ہوا، آدم شاہ کالونی میں ہماری گاڑی پر حملہ ہوا، ووٹوں کی گنتی کے بعد فارم ہمارے سامنے بنا کر نہیں دیا،یہ بڑی زیادتی ہے ، اس سے الیکشن کو نقصان ہوگا،کہتا رہا ہوں کہ صاف و شفاف الیکشن بناؤ، انہوں نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو بلا کر رزلٹ دیا جائے بصورت دیگر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔