اسلام آباد،راولپنڈی( نمائندگان جنگ) اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نوازشریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)صفدر سے شہباز شریف، گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا ، خاندان کے ارکان، لیگی رہنمائوں اور دیگر نے جمعرات کو ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 2018 کے انتخابات چوری کر لئے گئے ، ووٹ کوعزت دینے کے بیانیے پرقائم ہیں،سول بالادستی کیلئے کھڑے رہیں گے۔ ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔ پی ٹی آئی کوخیبرپختونخوامیں بدترین کاکردگی کے باوجود جتا دیا گیا، عمران خان تو2013ء کی پوزیشن پر بھی نہیں تھے،کچھ حلقوں سے ن لیگ کسی صورت ہار نہیں سکتی تھی، عابد شیرعلی، شاہد خاقان عباسی اور فیصل آباد کے حلقوں کا ذکر کیا۔ خیبرپختونخواکو بنیاد بنا کرپورے ملک کے نتائج پراثر ڈالا گیا۔نوازشریف سے اڈیالہ جیل میں حنیف عباسی نے بھی ملاقات کی اور سابق وزیراعظم کو اپنی سزا سے متعلق آگاہ کیا۔ شہباز شریف سے ملاقات میں مریم نوازاور اقبال ظفرجھگڑا بھی موجود تھے۔ تینوں رہنماؤں کے درمیان ملا قا ت ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ملاقات میں عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے پارٹی صدر شہبازشریف نے نوازشریف کو بریفنگ دی۔شہبازشریف نے انتخابات میں شکست کو بدترین دھاندلی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کوپولنگ اسٹیشنز پرتصدیق شدہ نتائج کیلئے فارم 45نہیں دیا گیاجبکہ ہمیں مختلف پولنگ اسٹیشنز نے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کوکمروں سے باہر نکال دیا گیا اور اندر سے کمرے بند کرکے رزلٹ تبدیل کیے گئے۔شہبازشریف نے دھاندلی سے متعلق دیگر تمام جماعتوں کے تحفظات بارے بھی بتایا، مسلم لیگ ن دیگر تمام جماعتوں سے رابطے کرکے احتجاج اور حکومت سازی کیلئے آئندہ کالائحہ عمل مرتب کرے گی۔ملاقات میں مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی حاصل کردہ نشستوں پربھی مشاورت کی گئی۔