سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ضلع میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی روایتی کامیابی برقرار رہی، قومی کی 2اور صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ 2013 کے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی ہار جانے والی نشست پی ایس 24 جس پر متحدہ قومی موومنٹ نے کامیابی حاصل کی تھی ، پیپلز پارٹی نے وہ نشست بھی اپنے نام کرلی اور عام انتخابات میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والے سید خورشید احمد شاہ کے فرزند سیدفرخ شاہ نے کامیابی حاصل کی۔ قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 206سے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے اپنی کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے 1988 سے 2018 تک ناقابل شکست رہتے ہوئے 84ہزار726 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار سید طاہر حسین شاہ نے 58ہزار805 ووٹ حاصل کئے۔ این اے 207کی نشست پر پیپلز پارٹی کے نعمان اسلام شیخ نے 69379ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار مبین جتوئی نے 60089 ووٹ حاصل کئے۔ پانچ سال تک قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رہنے والے سید خورشید احمد شاہ سکھر کی نشست این اے 206سکھر ون جو کہ پنوعاقل اور دیگرعلاقوں پر مشتمل ہے سے تقریبًا 26 ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 22پر پیپلزپارٹی کے امیدوار جام اکرام اللہ دھاریجو نے 32 ہزار 971 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ان کے مدمقابل جی ڈی اے کے امیدوار علی گوہر خان مہر نے25ہزار 998 ووٹ حاصل کئے۔صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 23پر پیپلزپارٹی کے سید اویس قادر شاہ نے 43ہزار721ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، ان کے مد مقابل جی ڈی اے کے امیدوار محمد علی شیخ نے36ہزار 580 ووٹ حاصل کئے۔پی ایس 24پر پیپلزپارٹی کے امیدوار سید فرخ شاہ نے 34ہزار198 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل متحدہ مجلس عمل کے امیدوار محمد زبیر حفیظ نے 10ہزار414 ووٹ حاصل کئے۔ پی ایس 25پرپیپلزپارٹی کے امیدوار سید ناصر حسین شاہ نے 42 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل ایم کیو ایم کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار امیر بخش عرف میر نے 21ہزار361 ووٹ حاصل کئے۔