سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور آج بھی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ فریال نے بینکنگ کورٹ جا کر 6 اگست تک 20 لاکھ روپے کی ضمانت کرالی۔
سابق صدر کی ہمشیرہ اور سابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے مزید15 دن کی مہلت مانگ کی استدعا کر دی۔
آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو آج کمرشل بینکنگ سرکل میں طلب کیا گیا تھا جہاں متوقع طور پر جے آئی ٹی نے دونوں سے پوچھ گچھ کرنی تھی۔
فریال تالپور کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی کمپنی نے درخواست جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عبوری چالان میں ان کی موکلہ کو غیرقانونی طور پر مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں مصروف ہیں،اس لیے انہیں ایف آئی اے کی جےآئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے کوئی اور تاریخ دی جائے۔
اس موقع پر فریال نے بینکنگ کورٹ سے 6 اگست تک 20 لاکھ روپے کی ضمانت کرالی۔ سندھ ہائیکورٹ سے چھ دن پہلے لی ہوئی فریال کی ضمانت آج ختم ہوگئی۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں32افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
12 جولائی کو سپریم کورٹ میں مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک نہ بلایا جائے جس کے بعد ایف آئی اے جے آئی ٹی کی جانب سے آج آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا گیا تھا۔