جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان 5ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پروٹیز نے لنکن ٹیم کو 5 وکٹ سے شکست دے دی ہے۔جیت کے ساتھ مہمان پروٹیز ٹیم کو 5 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ، تبریز شمسی مین آف دی میچ رہے۔
ڈمبولا میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں میزبان سری لنکاکی جانب سے دیے گئے 194رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 31اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا ، ٹیم کی جانب سے جین پال ڈومنی53، کپتان فاف ڈوپلیسی اور کوئنٹن ڈی کوک 47،47رنز کے ساتھ نمایاں رہےجبکہ لنکن بولرز کی جانب سے اکیلا دننجایا نے 3 وکٹیں لیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بلکل ان کے حق میں نہیں گیا اور صرف 36کے اسکور پر ان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تاہم لنکن بیٹسمین کوشل پریرا نے81 اور تھیسارا پریرا49 رنز اسکور کرکے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر ڈوبنے سے بچایا اور چھٹی وکٹ پر اہم 92رنز کی جوڑ کر اسکور 128 تک پہنچایا۔
128رنز پر تھیسارا پریرا 49رنز بنا کر کوشل پریرا کا ساتھ چھوڑ گئے اور اس کےبعد کوئی لنکن بیٹسمین پروٹیز کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کرسکا ، کوشل پریر 81رنز کے ساتھ اننگز اور میچ کے ٹاپ اسکورر رہےجبکہ پوری ٹیم 34.3اوورز میں 193رنز پر ڈھیر ہوگئی تاہم پروٹیزبولرز کی جانب سےکاگیسو ربادا اور تبریز شمسی نے 4،4 شکار کیے ۔
یاد رہے دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ یکم اگست کو ڈمبولا میں ہی کھیلا جائے گا۔