• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینا تبسم

اس اتوار آپ نے اپنے پیاروں کی خاطر مدارات کے لیے کیا سوچا ہے؟ اگر کچھ پلان نہیں کیا، تو لیجیے، آج آپ کے’’ خاص دسترخوان‘‘ کے لیے کچھ چٹ پٹے کھانوں کی تراکیب ہماری طرف سے پیش ہیں۔ذرا ٹرائی کیجیے، دسترخوان رنگا رنگ ذائقوں سے کِھل نہ اُٹھا، تو کہیے گا۔

بلوچی کڑاہی

اجزاء: چکن ایک کلو، ہری مرچیں پندرہ سے بیس عدد، تیل چوتھائی کپ، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، پیاز چوپ کیے ہوئے دو عدد، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ بارہ عدد،گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، چاٹ مسالا ڈیڑھ چائے کا چمچ، کالا نمک ایک چوتھائی چائے کا چمچ، دہی ایک کپ، لیموں کا رس تین چائے کے چمچ ، قصوری میتھی تین چائے کے چمچ، ادرک حسبِ ضروت (باریک کٹی ہوئی گارنیشنگ کے لیے) اور نمک حسب منشاء۔

ترکیب: سب سے پہلے سفید زیرہ، ثابت دھنیا اور کالی مرچ بھون کر پیس لیں۔پھر دیگچی میں تیل گرم کرکے،چکن اور ہری مرچیں فرائی کرلیں۔ دوسرے پین میں تیل ڈال کر پیاز ہلکی سُنہری کریں اور اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ اور بُھنا ہوا مسالاشامل کردیں۔جب مسالا بُھن جائے، تو دہی ڈال کر تھوڑا سا پکنے دیں، پھر چکن ڈال دیں۔ مسالا تیل چھوڑ دے،تو آخر میں کالا نمک، لیموں کا رس، گرم مسالا، چاٹ مسالا اور میتھی ڈال کر ایک بار پھر بھون لیں ۔ لیجیے، مزے دار کڑاہی تیار ہے۔ ادرک سے گارنیشنگ کر کے سرو کریں۔

خشخاش کی ترکاری

اجزاء: خشخاش ایک کپ(دھوکر بھگو دیں)،پیاز درمیانے سائز کے تین عدد، لہسن چار جوے، لونگ تین عدد، کالی مرچ دس عدد، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، (ان تمام مسالاجات کو ایک ساتھ پیس لیں )، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سُرخ مرچ ایک چائے کا چمچ اور تیل ایک چوتھائی کپ۔

ترکیب: خشخاش سِل یا گرائنڈر میں باریک پیس لیں،حتیٰ کہ دودھ جیسا پیسٹ بن جائے۔پھر پین میں تیل گرم کر کے پیاز فرائی کرلیں۔اب اس میں تمام مسالے شامل کرکے تھوڑا سا بھون لیں۔ اس کے بعد پِسی ہوئی خشخاش ڈال کر چمچ چلاتی رہیں، جب پانی خشک ہونے لگے، تو ہلکا سا پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں،مگر تھوڑی تھوڑی دیر بعد چمچ چلاتی جائیں۔ آخر میں ہری مرچ کاٹ کر ڈال دیں ۔چپاتی یا پراٹھے کے ساتھ سرو کریں،کھانے کا لطف آجائے گا۔

تیکھی مکس دال

اجزاء: مونگ، مسور اور چنے کی دال آدھا آدھا کپ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سُرخ مرچ ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، تیل ایک چوتھائی کپ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا ڈیڑھ چائے کا چمچ، پیاز درمیانے سائز کی ایک عدد(باریک کاٹ لیں)، چھوٹی اور بڑی الائچی ایک ایک عدد، کالی مرچ دس عدد، لونگ دو عدد، دَار چینی ایک عدد، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ اور ثابت دھنیا دو چائے کے چمچ۔

ترکیب: پہلے چھوٹی،بڑی الائچی، کالی مرچ، لونگ، دَار چینی، سفید زیرہ اور ثابت دھنیا پیس لیں۔ دیگچی میں حسبِ ضرورت پانی لےکردالیں ڈال دیں۔ ساتھ ہی آدھی پیاز، سُرخ مرچ، ہلدی، لہسن، ادرک کا پیسٹ اور ایک چمچ پِسے ہوئے مسالے کا شامل کرکے ڈھکن ڈھک دیں۔ جب دالیں آدھی گل جائیں، تو نمک بھی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب دالیں اچھی طرح مکس ہوجائیں، تو ڈوئی یا گھوٹنی سے اچھی طرح گھوٹ کر چولھا بند کردیں گے۔

بگھار کے لیے ایک چوتھائی کپ تیل گرم کریں اور اس میں آدھی پیاز، کٹی ہوئی ہری مرچ ، دو چمچ سفید زیرہ(ثابت) اور تھوڑا سا پِسا ہوا گرم مسالا کڑکڑا کرکے بگھار دے دیں۔ نان یا چاول کے ساتھ سرو کریں اور ذائقے کی داد پائیں۔

پیارا گھر… آپ کا اپنا گھر، اپنا صفحہ

ہمارا ہر دِل عزیز، مقبولِ عام صفحہ’’پیارا گھر‘‘ آپ سب کا اپنا گھر،اپنا صفحہ ہے، خصوصاً خواتین کا۔لیکن ایک شکایت ہے، ہمیں مختلف موضوعات پر تو ڈھیروں ڈھیر تحریریں موصول ہوجاتی ہیں،لیکن کھانے پکانے کی تراکیب ذرا کم ہی بھیجی جارہی ہیں۔ جب کہ فرمایش سب سے زیادہ ان ہی کی ہوتی ہے۔ پھر ہم بھی چاہتے ہیں کہ آپ اپنے خاص کھانوں، اسنیکس اور دیگر ذائقے دار لوازمات کی تراکیب ’’پیارا گھر‘‘ کے دیگر قارئین سے بھی شیئر کریں،تو دیر کس بات کی،قلم اُٹھائیے اور فوراً سے پیش تر لذیذ،رنگا رنگ پکوانوں کی تراکیب ہمیں لکھ بھیجیے۔ہمارا پتا ہے:

ایڈیٹر’’سن ڈے میگزین‘‘،صفحہ’’پیارا گھر‘‘

شعبۂ میگزین، اخبار منزل، فرسٹ فلور

آئی آئی چندریگرروڈ، کراچی۔

sundaymagazine@janggroup.com.pk

تازہ ترین
تازہ ترین