• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

فٹ بال کا بڑا اعزاز، پاکستانی ٹیم کی منی ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت

فٹ بال کا بڑا اعزاز، پاکستانی ٹیم کی منی ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت

پاکستانی فٹ بال ٹیم پرتگال میں ہونے والے سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ پاکستانی ٹیم کو گروپ بی میں روس، اسپین اور مالڈوا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ فٹ بال کے اس ایونٹ میں دنیا کے 32 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس کو منی ورلڈ کپ کا درجہ دیا جارہا ہے جو 23 تا29ستمبر پرتگال کے شہر لزبن میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز لیژر لیگس نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو(آئی کین اینڈ وِل)کو حاصل ہوا ہے۔ چیمپئن شپ کے فائنل میں لاہور کی ٹیم نے پشاور کی شنواری ایف سی شکست دیکر منی ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کی۔ سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں بھارت کی ٹیم بھی شامل ہے جسے گروپ ’جی‘ میں جرمنی، کروشیا اور انگولا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ دیگر ٹیموں میں گروپ ’اے‘ ُمیں پرتگال، پیراگوئے، ترکی، یونان، گروپ ’سی‘ بلجیم، چین، ویلز، اسکاٹ لینڈ، گروپ ’ڈی‘ فرانس، الجیریا، کینیڈا، آئرلینڈ، گروپ ’ای‘ انگلینڈ، یو ایس اے، قازقستان، سلو واکیہ، گروپ ’ایف‘ برازیل، مصر، بلغاریہ، لٹویا اور گروپ ’ایچ‘ میں پولینڈ، تیونس، اومان اور سلوانیہ کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ چیمپئن شپ کا فائنل 29ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

انٹرنیشنل ساکا فیڈریشن کے سینئر نائب صدر شاہ زیب ٹرنک والا نے پاکستانی ٹیم کے سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کو پاکستانی فٹ بال کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔ ٹرنک والا گروپ کے چیف ایگزیکٹو شاہ زیب ٹرنک والا نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے بڑے اعزازکی بات ہے کہ دنیائے فٹ بال کی تاریخ میں پہلی بار قومی ٹیم کسی بڑے فٹ بال ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ پرتگال میں ہونے والا سکس اے سائیڈ منی ورلڈ کپ فٹ بال 23 ستمبر سے شروع ہوگا جس میں دنیا کی 32 ٹاپ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اس میں پاکستان کو بھی گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اس گروپ میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ 2018 ء کی چیمپئن فرانس اور ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی میزبان روسی ٹیم اور مالڈوا شامل ہیں۔ ہم نے انٹرنیشنل ساکا فیڈریشن میں پاکستانی فٹ بال کا کیس انتہائی مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کیا اور ورلڈ فٹ بال فیڈریشن نے ہماری پاکستان میں فٹ بال کیلئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور پاکستان کو منی ورلڈ کپ میں شامل کیا۔ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت اس لحاظ سے بھی بڑا اعزاز ہے کہ آج تک ہم صرف ساف ممالک کی چیمپئن شپ میں شرکت کرتے رہے ہیں کسی بڑے عالم ایونٹ میں ہماری شرکت ممکن نہیں ہوسکی ہے۔ 

توقع ہے کہ لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو بہترین تیاری کے ساتھ عالمی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔ یہی نہیں ہم مستقبل میں بھی ورلڈ گروپ کی زیراہتمام دنیائے فٹ بال میں پاکستان ٹیم کو مختلف ایونٹس میں شامل کرانے کی بھرپور کوششیں کریں گے جس سے پاکستانی نوجوانوں کو نہ صرف عالمی فٹ بال میں کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ بہتر روزگار بھی میسر آئے گا۔

ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے بھی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت پر لیژر لیگس کے چیف آپریشن آفیسر اسحاق شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کےساتھ کیلنڈر ایئر کے اپنے تمام ایونٹ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا اور تمام طے شدہ مراحل سے گزرنے کے بعد لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو نے پرتگال میں ہونے والے بڑے ایونٹ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اب اس ٹیم کی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے اور ثابت کرے کہ پاکستان میں فٹبال کھیل کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔ میری خواہش تھی کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی فٹبال کے ساتھ پاکستان کی ٹیم بھی شرکت کرے۔ اب وہ منزل قریب ہے جب پاکستان کا کھلاڑی دنیائے فٹبال کی عظیم ٹیموں کے مقابل اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتا نظر آئے گا۔ 

منیر محمود ٹرنک والا اور انس محمود ٹرنک والا نے بھی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ لیژرلیگس کے سی او او اسحق شاہ نے منی ورلڈ کپ میں شرکت کو پاکستانی فٹ بال کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر شاہ زیب نے پاکستانی فٹ بال کا کیس جس طرح لڑا ہے وہ قبل تعریف ہے۔ سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کو بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو عالمی سطح کے ایونٹ میں براہ راست شرکت کا اعزاز حاصل ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو کو ایک مضبوط ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی سے نہ صرف لاہور کی چمپئن قرار پائی تھی بلکہ حالیہ نیشنل چیمپئن شپ میں بھی ناقابل شکست رہتے ہوئے قومی چمپئن ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ 

بہت جلد ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ لگا کر ٹیم کی فزیکل فٹنس پر کام کیا جائے گا تاکہ دنیا کی عظیم ٹیموں کے مقابل قومی ٹیم بھرپور مقابلہ کرنے کی اہل ثابت ہو۔ کپتان آئی سی اے ڈبلیو آفاق احمد اپنی ٹیم کی منی ورلڈ کپ ففٹ بال کیلئے کوالیفائی کرنے پر بہت خوش ہیں ان کا کہنا ہے کہ پوری تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرتگال جائیں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے گروپ میں موجود روس اور اسپین کی ٹیموں کو شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں۔ منی ورلڈ کپ میں شرکت کرنا مجھ سمیت تمام کھلاڑیوں کیلئے اعزاز ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے کھیل سے اپنے انتخاب کو درست ثابت کریں۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین