• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان میانوالی کی نشست رکھیں گے، باقی چھوڑ دیں گے

لاہور (نمائندہ جنگ، صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان میانوالی کی نشست رکھیں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان لاہور کے حلقہ این اے 131کی نشست چھوڑ دیں گے۔ یہ فیصلہ مشاورتی اجلاس کے دوران کورکمیٹی نے کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے نشست چھوڑنے کے بعد اس نشست کے 2 امیدوار موجود ہیں جن میں ولید اقبال، ہمایوں اختر خان اور جمشید اقبال چیمہ شامل ہیں۔ عمران خان کو جلد قومی اسمبلی کی 4 نشستیں چھوڑنا ہوں گی۔ چیئرمین تحریک انصاف عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم وہ ان میں سے صرف 1 نشست اپنے پاس رکھ سکتے ہیں اور اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ این اے 95 میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے اور اسلام آباد کے حلقہ این اے 53، لاہور کے حلقہ این اے 131، بنوں کے حلقہ این اے 35 اور کراچی کی نشست این اے 243 چھوڑ دیں گے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے انتخابات سے قبل میانوالی کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میانوالی کے عوام کی وجہ سے پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے ممبر بنے، اس لئے ایک سے زائد نشستوں پر کامیابی کی صورت میں وہ میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔
تازہ ترین