• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری،فریال تالپور کے خلاف کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے،پیپلز پارٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی کو سیاسی انتقام اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیئے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن اور جے آئی ٹی کے سربراہ نجف مرزا کو ہٹایا جائے، کیونکہ دونوں افسران پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف ذاتی عناد رکھتے ہیں،یہ مطالبہ پی پی پی پارلیمینٹرینز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ، کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی اور سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سیل بلاول ہاوَس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور سردار نزاکت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پی پی پی رہنماوَں کا کہنا تھا کہ مذکورہ بالا افسران کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ تحقیقات ممکن نہیں،بشیر میمن کا بھائی جی ڈی اے کا امیدوار تھا، جسے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے، جبکہ نجف مرزا کی رشتہ داری کس سے ہے وہ سب کو پتا ہے،اس کے ساتھ ساتھ یہ وہ افسر ہیں، جن کے خلاف آصف علی زرداری کی مدعیت میں ان پر جیل کسٹڈی کے دوران تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا مقدمہ درج ہے،انہوں نے مزید کہا کہ 2014کے کیس کو الیکشن سے کچھ دن پہلے کیوں کھولا گیا اور چار سال کے دوران جب پیپلز پارٹی کی حکومت بھی نہیں تھی تو اس وقت کیوں اسے اٹھایا نہیں گیا،اس کے علاوہ شروعات میں صدر آصف علی زرداری کا نام شاہد کے طور پر داخل کیا گیا،بعد ازاں ان کا نام عبوری چالان میں شامل کیا گیا،جسے اعلیٰ عدالت میں چیلینج کیا گیا ہے،انہوں نے نشاندی کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے جس اکاوَنٹ کی بات کر رہی ہے، وہ کوئی مشکوک اکاوَنٹ نہیں بلکہ زرداری گروپ آف کمپنیز کا اکاوَنٹ ہے، جو ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے اور جس کا ہر سال آڈٹ ہوتا ہے، ایف آئی اےکی کاروائی کا مقصد فقط پیپلز پارٹی کی قیادت کی کردار کشی ہے، تاہم پیپلز پارٹی کی قیادت الزامات کو جھوٹا ثابت کرے گی۔
تازہ ترین