کراچی (اسٹاف رپورٹر) منی ورلڈ کپ فٹ بال میں پاکستانی ٹیم کی قیادت آفاق احمد کریں گے جبکہ کوچ طارق لطفی ہوں گے۔ لیثررلیگس پاکستان نے پُرتگال کے شہر لسبن میں 23 تا 29 ستمبر ہونے والے سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم اور ہیڈ کوچ کا اعلان کردیا ہے۔ طارق لطفی پاکستان کی قومی اور خواتین ٹیموں کی کوچنگ کرچکے ہیں۔ ان دنوں سوئی سدرن گیس میں بحیثیت ہیڈ کوچ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ پاکستان کو گروپ ’بی‘ میں روس، اسپین اور مالڈوا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔ لیثررلیگس نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح آئی سی اے ڈبلیو کلب کے 10کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر سیمی فائنلسٹ ٹیموں کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے بھی ایک ایک کھلاڑی کو پاکستان اسکواڈ کا حصہ بناگیا ہے۔ 14کھلاڑی پاکستان اسکواڈ میں شامل ہونگے۔ قومی چیمپئن آئی سی اے ڈبلیو لاہور کے 10کھلاڑی جبکہ سیمی فائنل کھیلنے والی کراچی، پشاور، کوئٹہ جبکہ کراچی کے گول کیپر سمیر خان 14ویں کھلاڑی ہوں گے۔ گروپ میچز کے اختتام پر ہر گروپ کی 2،2ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 29ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم آفاق احمد( کپتان)، حافظ محمد ولید، عمر جاوید، حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گوندل، عبدالحنان، زبیح اﷲ وڑائچ، محمد زبیر، عادل (لاہور) محمد عالمگیر(پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی) اور سمیر احمدشامل ہیں۔