گھر کی تعمیر میں انڈر گرائونڈ وائرنگ کے ساتھ ساتھ عمدہ پلمبنگ کی بھی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ پلمبنگ کے مسائل سامنے آنے لگتےہیں، جن میں ایک بڑی وجہ تنصیب کردہ پلمبنگ کا بہت زیادہ سامان ہے۔ اگر آپ کو یہ یقین نہیں ہے کہ پانی کی فراہمی پلمبنگ کے تمام سامان کے لیے کافی ہے توپھر آپ کو اپنے گھر میں تنصیب کردہ پلمبنگ کے سامان میں کمی کرنے کی ضرورت ہے۔
پلمبنگ کی اصطلاح لاطینی زبان کے لفظ پلمبم سے نکلی ہے۔ یہ اس دھات کا نام ہے جس کے بنے ہوئے پائپ انیسویں صدی میں پلمبنگ کے لیے استعمال کیے جاتے تھے لیکن اب اس کی جگہ کاسٹ آئرن، اسٹین لیس اسٹیل، گلونائزڈ آئرن، پلاسٹک پائپ اور ہارڈ پی وی سی پائپ استعمال ہورہے ہیں۔ پلمبنگ کا نظام دو حصّوں پر مشتمل ہوتاہے۔
پہلے حصّے میں تازہ اور صاف و شفّاف پانی کو مختلف پائپ لائنوں سے گزار کر مطلوبہ جگہ تک پہنچانے کے لیے پائپ بچھانے اور دیگر اشیا کے لگانے کا نظام شامل ہے جبکہ دوسرا حصّہ استعمال شدہ گندے پانی اور دیگر بے کار فضلے کی نکاسی میں لگائے جانے والے پائپ اور دیگر اشیا کی فٹنگ کے نظام پر مشتمل ہے۔ آج کل پلمبنگ میں مختلف طریقوں کے ذریعے، مختلف جگہوں پرضرورت کے تحت مختلف پائپوں کا ایک جال بچھایا جاتا ہے، جس میں اب عام طور پر ٹھنڈے اور گرم پانی کی لائنیں علیحد ہ علیحدہ یا برابر برابر لگادی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ پلمبنگ کی جدید تنصیبات، جیسے واش بیسن، باتھ ٹب، باورچی خانے میں استعمال کے لیے سِنک، انڈین اور ویسٹرن کموڈ اور باغات میں لگائے جانے والے فوارے کی فٹنگ کی ذمّہ داری پلمبر کی ہوتی ہے۔ یہ اشیا کاسٹ آئرن، اسٹین لیس اسٹیل، پلاسٹک، کاپر، براس، المونیم اور کنکریٹ کی بنی ہوئی ہوتی ہیں۔
گندے پانی و دیگر فضلاتی اور غیر ضروری اشیا کی نکاسی کے لیے لگائے جانے والے پائپ اوردیگر تنصیبات بھی پلمبر ہی لگاتا ہے۔ اس کے علاوہ عام طور پر پانی کی سپلائی بورنگ/کنویں کے ذریعے یا پھر زیرِ زمین ٹینک سے لے کر چھت پر بنی پانی کی ٹنکی تک، بجلی کی موٹروں کے ذریعے پمپ چلا کر کی جاتی ہے۔ سینیٹری ڈرینج سسٹم (فضلےکی نکاسی) کے تحت ٹھوس اشیااور گندے پانی کو مختلف پائپوں اور تنصیبات کے ذریعے گندی نالی میں لے جایا جاتا ہے، جہاں سے وہ عمارت کے مرکزی نظام سے ہوتا ہوا باہر چلا جاتا ہے۔ پلمبنگ کےد وران کیا مسائل ہو سکتے ہیں ، ایک نظر ان پر ڈالتے ہیں۔
پانی کی رسائی
بہت سے گھروں کے مالک کچن کے سِنک میں پائپوں کے گرد خالی جگہ نہیں چھوڑتے، جس کی وجہ سے بند پائپ صاف کرنا خاصا مشکل کام بن جاتا ہے۔ اگر یہ پائپ صاف نہ ہوں یا ان تک رسائی ممکن نہ ہو تو ایک بند پائپ کو ٹھیک کرنے کے لیے آپ کو سارا نظام اکھاڑنا پڑجائے گا۔ اسی وجہ سے صفائی والے پائپوں کے گرد جگہ چھوڑنا لازمی ہے۔
تنگ جگہ
یہ بات کسی حد تک درست ہے کہ اکثرگھروں کے مالکان پلمبنگ کے نظام کے بارے میں وقت سے پہلے نہیں سوچتے۔ جس کے نتیجے میں وہ پلمبنگ کے اوزاروں اورنصب شدہ اشیا کے درمیان خالی جگہ رکھنا بھول جاتے ہیں۔مثال کے طور پر باتھ ٹب ٹوائلٹ کے نزدیک تنصیب کرنے سے ان دونوں کا استعمال غیر آرام دہ ہو گا اور آخر میں اِس کا نتیجہ اچھا نہیں نکلے گا۔
نکاسی میں رکاوٹ
بہت سے لوگ بلا سوچےسمجھے نکاسی کے راستے میں کچھ بھی پھینک دیتے ہیں۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ سب کچھ آسانی سے پانی میں جذب ہوجائے گا۔ مگر ہوتا یہ ہے کہ سِنک بند ہونے پر آخر کار وہ پلمبر کو بلا رہے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ تعمیراتی سامان کا کچرا بھی نکاسی کے راستے میں ڈال دیا جاتا ہے، جس سے یہ راستہ بند ہوجاتا ہے۔ بدقستمی سے نکاسی کی صفائی کا نظام اِس کو نکال نہیں سکتا۔
خود مسائل حَل کرنے کی کوشش کریں
اگر آپ کے گھر میں پلمبنگ کا کوئی کام نکل آتا ہے تو کوشش کریں کے پلمبر کو بلانے کے بجائے چھوٹے موٹے مسائل خود ہی حل کرلیں، جس کے لیے آپ کے پاس مطلوبہ اوزار ہونا ضروری ہیں۔ اگر مسئلہ پیچیدہ ہے اور آپ کے بس سے باہر ہے تو پلمبنگ کا سامان اکھاڑنے کی کوشش نہ کریں۔ کوئی کام کرنے سے پہلے اس کی ایک فوٹو ضرور کھینچ لیں تا کہ آپ کو معلوم ہو کہ کونسا پُرزہ یا چیز کہاں لگے گی تاکہ بعد میں مشکل پیش نہ آئے۔