نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کو چلاس میں بچیوں کے اسکول کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کردی۔
ناصر الملک نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے بچیوں کے اسکول کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی تفصیلات دریافت کیں اور تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو واقعے کی تحقیقات میں ابھی تک ہونے والے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
دوسری جانب چیف منسٹر گلگت بلتستان نے کہا کہ ملوث افراد کی جلد از جلد نشاندہی اور قانون کے کٹہرے میں لانے کی بھرپور کوشش جاری ہیں ۔
وزیر اعظم نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیم کی سہولت سے محروم کرنے اور اسکولوں کو نذر آتش کرنے کی کوشش کسی طور قابل قبول نہیں، ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت سخت کاروائی یقینی بنائی جائے۔