راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) چکلالہ کینٹ بورڈ کے علاقہ کے مصروف ترین جہلم روڈ پر شعبہ انسداد تجاوزات کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے گاڑیوں پر پھل فروخت کا کام زور پکڑتا جا رہا ہے جس سے ٹریفک حادثات کے خطرات بڑھ گئے ہیں ، شہریوں کے مطابق اس روڈ پر جہاں ٹریفک بہت زیادہ ہوتی ہے اور گاڑیوں کی رفتار بھی بہت زیادہ ہوتی ہے مگر اس کے باوجود جہلم روڈ پر بعض مقامات پر سوزوکیاں کھڑی کر کے پھل کی فروخت کا عمل جاری ہوتا ہے ، کبھی دو گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں تو کبھی ان کی تعداد بڑھ جاتی ہے ، نیومورگاہ روڈ کے پاس بھی پھل فروش کی ریڑھی موجود رہتی ہے اور یہاں سروس روڈ پر مستقل طور پر تکہ اور سموسوں پکوڑوں کی ریڑھی لگی ہوئی ہے ، شہریوں کے مطابق سوزوکیوں والوں کا کہنا ہے کہ وہ کینٹ بورڈ کے عملہ کی مرضی کے بغیر یہاں ایک دن بھی نہیں ہو سکتے اس کیلئے ہمیں انہیں بھی خوش رکھنا پڑتا ہے ، ادھر سرسید چوک سے شاہ بی بی روڈ ، ڈھوک چراغدین بازار تجاوزات کی زد میں آیا ہوا ہے ، جہانگیر روڈ پر دکانداروں نے جنگلے وغیرہ لگا کر روڈ کے حصوں کو بھی اپنی دکانوں میں شامل کر لیا ہے ، مریڑ حسن سٹاف اور اس کے ارد گرد خصوصاً ایف جی سکول کے سامنے تو ریڑھیوں کا جمعہ بازار لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک بھی بری طرح سے متاثر ہوتی ہے ، لالکڑتی کے مین بازار میں روڈ پر جوس وغیرہ کی دکانیں سجی ہوئی ہیں ، کپڑے کے دکانداروں نے تھی فٹ پاتھ کو اپنے قبضے میں کر رکھا ہے جبکہ یہاں پر ریڑھیوں کی تعداد میں اضافہ ہو چکا ہے ، ٹاہلی موہری کے غوثیہ چوک میں ریڑھیوں کا رش رہتا ہے ، دکانداروں نے بھی سبزی کی دکانیں روڈ پر سجا رکھی ہیں ۔