سکھر (بیورو رپورٹ) ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے سکھر ، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز کے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے لئے ایس ایس سی پارٹ ون نویں جماعت کے انرولمنٹ اور رجسٹریشن فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سرکاری اور نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اکیڈمک سیشن 2018-19 کے سلسلے میں ایس ایس سی پارٹ ون میں شامل ہونیوالے طلبہ و طالبات کی داخلہ فہرستیں 20اگست تک تعلیمی بورڈ کے انسپکٹر آفس میں پہنچادی جائیں۔ اسی طرح سرکاری تعلیمی اداروں کے شاگردوں کے انرولمنٹ اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10ستمبر مقرر کی گئی ہے ، متعلقہ فارم کسی بھی کام والے دنوں میں بورڈ آفس کی متعلقہ برانچ سے 100روپے فی فارم حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ پرائیویٹ اسکولوں کے امیدواروں کے انرولمنٹ اور رجسٹریشن فارم بورڈ آفس میں جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی 10ستمبر مقرر کی گئی ہے۔