• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم گرما کے لیے بہترین انتخاب ’’پیلا رنگ‘‘

موسم گرما کے لیے بہترین انتخاب ’’پیلا رنگ‘‘

لباس کا اعلیٰ ذوق رکھنے کے حوالے سے برطانوی شاہی خاندان دنیا بھر میں مقبول ہے۔ گزشتہ ہفتے برطانوی میگزین نے خوش لباس افراد کی سالانہ فہرست جا ری کی، جس کے مطابق ملکہ ایلزبیتھ، کیٹ مڈلٹن ، میگھن مارکل اور ننھے شہزادے جارج خوش لباس افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ 

برطانوی شاہی خاندان کی بہوئیں خوش لباسی کے ساتھ ساتھ اپنے منفرد اسٹائل سے ہرجگہ فیشن کے دیوانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی نظر آتی ہیں۔ شاہی محل ہو یا اس سے باہر کوئی تقریب، کیمرے کی آنکھ شاہی خاندان کی بہوؤں کے منفرد اور دلکش لباس پر ٹھہری سی محسوس ہوتی ہے۔ ایسے میں شاہی خاندان کی بہوؤں کی جانب سے موسم گرما کے لیے کسی مخصوص رنگ کا انتخاب خاصا متاثر کن ہے۔ 

جی ہاں! شاہی خاندان کی دونوں بہوؤں، کیٹ مڈلٹن اور میگھن مارکل نے موسم گرما میں دو الگ الگ تقریبات کے لیے پیلے رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلابی،کالا یا اس کے علاوہ اور بھی بہت سے رنگ ایسے ہیں جنہیں ہم کافی عرصہ سے اپنے لباس کے لیے منتخب کرتے آئے ہیں، اس کے برعکس پیلا رنگ فیشن میں اِن ہے اور موسم گرما کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کی شادی امل کلونی کا پیلا لباس

صرف شاہی خاندان یا شاہی بہوؤں ہی میں نہیں بلکہ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ اداکاراؤں میں بھی پیلا رنگ خاصا مقبول ہے۔ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی میں شرکت کے لیے امل کلونی پیلے رنگ کے لباس کا انتخاب کرچکی ہیں، ان کا پیلا لباس ایم سی کارتھنی کا ڈیزائن کردہ تھا۔

میلبرگ ہاؤس آمد اور میگھن مارکل کا پیلا لباس

برطانوی شاہی خاندان کی نئی بہو نے فیشن کے دیوانوں کی توجہ اپنی جانب سمیٹ لی ہے، وہ جو بھی پہنتی ہیں اس کی تصاویر میڈیا میں مقبول ہوجاتی ہیں۔ جولائی کے پہلے ہفتے میںمیگھن مارکل شہزادہ ہیری کے ہمراہ میلبرگ ہاؤس لندن میں منعقدہ کامن ویلتھ سیکر یٹر یٹ کی جانب سے یوتھ لیڈرشپ ورکشاپ میں شرکت کے لیے پہنچیں ۔ اس تقریب کےلیے شاہی خاندان کی بہو نے پیلے رنگ کے’’ شاہی خاندان کوڈ‘‘کی طرز کےلباس کا انتخاب کیا۔ اس دن میگھن مارکل ’بوٹ نیک سلیوٹ اسٹائل‘ کی اسکرٹ میں نظر آئیں۔ اس بات میں دورائے نہیں کہ میگھن کوئی بھی رنگ پہنیں، ان پر خوب جچتاہے لیکن پیلے رنگ کی انفرادیت نے ان کے حسن میں مزید اضافہ کیا۔ امریکی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق میگھن مارکل فلم انڈسٹری میں رہنے کے باعث اپنا ایک منفرد انداز تو رکھتی ہی تھیں مگر شادی کے بعد برطانوی شاہی خاندان پر نظر رکھنے والے فیشن کے دیوانے بھی پہلی ہی تقریب میں ان کے مداح ہو گئے۔

کیٹ مڈلٹن کی ومبلڈن آمد اور پیلا لباس

برطانوی شاہی خاندان کی ہر دلعزیز اور مشہور و معروف شہزادی کیٹ مڈلٹن کو ان کے فیشن اور اسٹائل کی بنا پر کون نہیں جانتا ،اور انہی خوبیوں کی وجہ سے وہ دنیا بھر میں مشہور بھی ہیں۔ خوش لباس، دلکش مسکراہٹ ،خوش رہنے کی قائل اور پر کشش شخصیت کی مالک برطانوی شہزادی کیتھرین ایلزبیتھ مڈلٹن المعروف کیٹ مڈلٹن کو بھی میگھن کے کچھ دن بعد ومبلڈن کے اسپورٹس پارک میں پیلے لباس میں دیکھا گیا۔ کیٹ نے اس دن فیشن ڈیزائنر گوٹ کا’ Fitted Dolce‘ زیب تن کیا، جس کی ڈھیلی اور اسٹائلش آستین میں کیٹ درحقیقت کسی شہزادی کا انداز دے رہی تھیں۔ یہ رنگ کیٹ کے مداحوں کا بھی پسندیدہ رنگ بن گیا۔ ایسا نہیں تھا کہ کیٹ نے پیلے لباس کا انتخاب پہلی بار کیا ہو، دو سال قبل ومبلڈن آمد کے موقع پر بھی کیٹ پیلے رنگ کا انتخاب کرچکی ہیں جو ان کی شخصیت کی دلکشی میں مزید اضافہ کردیتا ہے۔

پیلے رنگ کا انتخاب کیوں ؟

موسم گرما کے لیے پیلا رنگ تیزی سے سلیبرٹیز میں مقبول ہورہا ہے لیکن کہتے ہیں کہ ہر رنگ اپنے اندر ایک خاصیت رکھتا ہے اور اس رنگ کی خاصیت یہ ہے کہ پیلا رنگ خوشی اور اطمینان کو ظاہر کرتا ہے۔پیلارنگ سورج کی روشنی سے بھی جھلکتا ہے جبکہ اسے ہر جگہ فطرت کے نظاروں میں بھی دیکھا جاسکتا ہے، اسی طرح انسان کی بنائی ہوئی دنیا میں بھی یہ رنگ سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرالیتا ہے، یہ رنگ نہ صرف پہننے بلکہ خوشی کے اظہار کا ایک رنگ ہے اور اسے دیکھنے سے خوشی کا احساس ہوتا ہے۔

پیلا رنگ پسند کرنے والوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ ان کی اچھی سوچ اور مستقبل کے بارے میں مثبت اور پُر امید رویے کو ظاہر کرتا ہے۔ پیلے رنگ کے لیے پسندیدگی کا ایک اور مطلب یہ ہے کہ آپ کے پاس ایک واضح مقصد حیات ہے۔ آپ دوسروں کو سکون دے کر خوش ہوتے ہیں اور اس کے جواب میں آپ کو عزت اور ستائش ملتی ہے۔

رواں سال آپ بھی اپنی وارڈ روب میں پیلے رنگ کے لباس کا اضافہ کرسکتی ہیں۔

تازہ ترین