اب ایلزبیتھ ٹیلر، آڈری ہیپ برن اور مارلن منرو کا زمانہ نہیں ہے کہ جب دنیائے فیشن میں انہی چنیدہ اداکارائوں کا فیشن اور اسٹائل موضوع ِ بحث رہتا تھا ۔ بات ایک آدھ بار کی یا کسی ایک تقریب کی نہیں، ان سیلیبرٹیز کو ہمہ وقت اپنے فیشن اور اسٹائل کو جدید بنانے کی فکر لاحق رہتی ہے کیونکہ کانز ہویاآسکر ، فلم کاکوئی پریمیئرہو یا عوامی سطح پرمنعقدہ کسی تقریب میں ان کی موجودگی، دنیا بھرکے میگزین، اخبارات، ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیاان سیلیبرٹیز کی بہترین اور بدترین لباس کے حوالے سے درجہ بندی کرتے ہیں۔
حال ہی میں بالی ووڈ میں ’’ ویرے دی ویڈنگ‘‘ کے پریمیئر کے موقع پر کرینہ کپو ر کے لباس کو سب نے تنقید کانشانہ بنایا کہ ایک ماں کو ایسا لباس پہننازیب نہیں دیتا۔ سال 2018ء نصف سے زائد گزرچکا ہے اور اس عرصے میں چند ایک اداکارائوں نے اپنے انداز و اطوار اور لباس کے انتخاب کے ذریعے لوگو ں کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے، جن میں سے ٹاپ فائیو اسٹائلش اداکاراؤں کا ذکر ہم ا س مضمون میں کر رہےہیں۔
ایما واٹسن
ایماشیرولیٹ ڈیوری واٹسن ایک برطانوی اداکارہ، ماڈل اور ایکٹیوسٹ ہے۔ ہیر ی پوٹر فلم سیریز کی بدولت کم عمری میں شہرت حاصل کرنے والی ایماآج10ملین پونڈز سے زائد دولت کی مالکہ ہے۔ سال 2011ء سے 2014ء تک، ایما فلمی منصوبوں پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم بھی حاصل کرتی رہیں۔
اس دوران وہ جامعہ براؤن اور وارسیسٹر کالج، آکسفورڈ میں زیر تعلیم رہیں اور مئی 2014ء میں جامعہ براؤن سے انگریزی ادب میں بیچلرز کی سند حاصل کی۔ایما ماڈلنگ کے ذریعے مشہور برانڈز کی تشہیری مہم میں شامل رہیں۔ بطور مشیرِ فیشن، انھوں نے ملبوسات کا ایک سلسلہ تیار کرنے میں پیپل ٹری کی معاونت کی۔ اسی سال، اقوام متحدہ میں حقوقِ نسواں کی خیرسگالی سفیر کے طور پر ان کا تقرر ہوااور انھوں نے خواتین کے لیے اقوام متحدہ کی مہم HeForSheمیں اہم کردار ادا کیا، جس کا مقصد جنسی مساوات کے لیے مردوں کو آگے آنے کی ترغیب دینا تھا۔
کیٹ مڈلٹن ڈچز آف کیمبرج
شہزادہ ولیم کی بیگم کیتھرین ایلزبیتھ مڈلٹن، کیٹ مڈلٹن کے نام سےمشہور ہیں اور برطانیہ میں ’ڈچز آف کیمبرج‘ کہلاتی ہیں۔ وہ اپنے نومولود بچّے کو پیدائش کے صرف7گھنٹے بعد ہی ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کے سامنے لے آئی تھیں۔ کینسِنگٹن پیلس نے پیر کے روز صبح گیارہ بجے اعلان کیا تھا کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے یہاں تیسرے بچّے کی پیدائش ہوئی ہے۔ ڈچز آف کیمبرج اسی شام اپنے بچّے کے ساتھ میڈیا کے سامنے نمودار ہو گئیں۔
اس موقع پر کیٹ مڈلٹن نے معروف ڈیزائنر جینی پیکھم کا تیار کردہ سُرخ رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کیٹ کے لباس نے اُن کی ساس شہزادی ڈیانا کے اُس لباس کی یاد دلا دی تھی جو انہوں نے33برس قبل اپنے دوسرے بیٹے شہزادہ ہیری کی پیدائش کے بعد ہسپتال سے باہر آنے پر پہن رکھا تھا۔ 2015ء میں شہزادی شیرلوٹ کی پیدائش کے بعد کیٹ مڈلٹن ہسپتال سے باہر آئیں تو اُس وقت بھی انہوں نے جینی پیکھم کا ڈیزائن کردہ لباس پہن رکھا تھا، جس پر سفید اور زرد پھول بنے ہوئے تھے۔
جینیفر آنسٹن
جینیفر جوانا آنسٹن امریکی اداکارہ ، ڈائیر یکٹر ، پروڈیوسر اور بزنس وومن ہیں۔ ایک امریکی جریدے نے ہالی ووڈ میں 2004ء کے بعد اداکارہ جینیفر آنسٹن کو2016ءمیں بھی خوبصورت ترین خاتون قرار د یا تھا۔امریکی اداکارہ جینیفر آنسٹن نے مشہور زمانہ ٹی وی شو ’’فرینڈز‘‘ سے شہرت حاصل کی اور کئی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ جینیفر دنیا کی خوبصورت ترین خاتون کا اعزاز ملنے پر خوشی سے نہال تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ میرا کام ہی میری اصل خوبصورتی ہے اسی لیے خود اعتمادی اور یقین ہی انسان کو خوبصورت بناتا ہے۔
چارلز تھیرون
ہالی ووڈ اداکارہ چارلز تھیرون فاسٹ اینڈ فیوریس فرنچائز کی فلم ’’فاسٹ اینڈ فیوریس8‘‘میں منفی کردار ادا کرتی نظر آئیں۔ چارلز امریکی اور جنوبی افریقی اداکارہ، پروڈیوسر اور فیشن ماڈل ہیں ۔ بےشما ر فلموں میں کام کرچکی ہیںجن میں دی ڈیولز ایڈووکیٹ، مائٹی جو ینگ، دی سائڈر ہائوس رولز، اٹامک بلونڈ، دی اٹالین جاب، میڈ میکس:فیوری روڈ، اسنو وائٹ اینڈ دا ہنٹس مین، ہنٹس مین :ونٹر ز وار، پر میتھیوز، سویٹ نویمبرمشہور ہیں۔
نتالی پورٹمین
نتالی پورٹمین کو پہلا مرکزی کردار فلم ” بیوٹی فل گرلز “ میں ملا۔ اس فلم میں کام کرنے کے بعد وہ ہالی ووڈ کے بیشتر فلمسازوں کی نظروں میں آگئی کیونکہ وہ اس کی صلاحیتوں کو اچھی طرح سے بھانپ گئے تھے۔ 1999ءمیں اس کو ایک بڑی فلم ”اینی وئیر بٹ و ئیر “ میں کام کرنے کی آفر ہوئی ،جس کو ابتداء میں اس نے یہ کہہ کر ٹھکرا دیا تھا کہ اس میں قابل اعتراض مناظر ہیں۔ جس پر ہدایتکار نےا سکرپٹ کو دوبارہ لکھوایا اور نتالی کو فلم میں کام کرنے پر آمادہ کیا۔
اس فلم میں کام کرنے پر نتالی کو گولڈن گلوب ایوارڈز میں بہترین معاون اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا۔یہاں سے اس کے کیرئیر کا عروج شروع ہوا اور اس کو مقبول ”اسٹار وارز“ سیریز میں کام کرنے کا موقع ملا۔2000ءمیں اپنے کیرئیر کے ”بریک تھرو“ پر پہنچ کر اس نے پڑھائی کی غرض سے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور اس دوران اس نے صرف تھیٹرمیں کام جاری رکھا۔’’ بلیک سوان ‘‘ سے آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی نتالی کئی مقبول فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہے اور اس کی دو بڑی فلمیں ” نائیٹ آف کپس“ اور ”تھور ٹو“ فلم بینوں سے پسندیدگی کی سند لے چکی ہیں۔