• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ میں ڈکیتی مزاحمت پر تاجر، سرائے عالمگیر میں مغوی ڈرائیور قتل

سیالکوٹ، سرائے عالمگیر (نمائندگان جنگ) سیالکوٹ میں ڈکیتی مزاحمت پر تاجر کو، سرائے عالمگیر میں مغوی ڈرائیور کو قتل کر دیا گیا۔ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تاجر کی بیوی، 2 بیٹیاں، داماد زخمی، اہل علاقہ سراپا احتجاج، سیالکوٹ وزیر آباد روڈ بلاک کردی گئی، سیالکوٹ کے علاقہ درنجف لودہرے میں گزشتہ شب 2 بجے 8 مسلح ڈاکو مقامی تاجر ریاض شاہ کے گھر کی عقبی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغما ل بنا کر لوٹ مار کی کوشش شروع کی۔ اس دوران تاجر نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جسکی زد میں آکر ریاض شاہ شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تاجر کی بیوی، اسکی 2 بیٹیاں اور داماد بھی زخمی ہو گئے۔ اہل علاقہ نے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سیالکوٹ وزیر آباد روڈ بلاک کر دی اور ٹائروں کو آگ لگا دی جس سے سیالکوٹ آنے جانے والی ٹریفک بری طرح جام ہو کر رہ گئی۔ رابط کرنے پر تھانہ اہلکار اگوکی امجد نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف شبیر شاہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ چند روز قبل بھی اسی گاؤں کے رہائشی اشفاق اور ریاست کے گھر سے ڈاکو لاکھوں روپے کی نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ انہوں نے پولیس کی بے حسی پر بھی شدید ردعمل کا اظہا ر کیا۔ دوسری جانب، سرائے عالمگیر سے اغوا کئے جا نیوالے کیری ڈبہ ڈرائیور کو نامعلوم اغوا کاروں نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزمان کیری ڈبہ لیکر فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق، چھپراں کا منیر احمد نئے کیری ڈبہ کیساتھ سٹینڈ پر کھڑا تھا کہ نامعلوم سواریوں نے اسے منڈی بہاؤ الدین جانے کا کہا۔ کرایہ طے ہو نے پر وہ چل پڑے۔ جب منیر احمد کا موبائل فون بند ہوا تو اسکے بیٹے عبید نے نامعلوم ملزمان کے خلاف سٹی پولیس سٹیشن سرائے عالمگیر میں اغواء کا مقد مہ درج کروا دیا۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ ہو نے پر معلوم ہوا کہ منیر احمد کو سواریوں کے روپ میں ڈاکوؤں نے جان سے مار کر اسکی نعش کو ملکوال پولیس اسٹیشن کی حدود میں پھینک دیا اور مقتول کا کیری ڈبہ لیکر فرار ہو گئے۔ ملکوال پو لیس نے اسے امانتاً سپردخاک کر دیا تھا۔ اطلاع ملنے پر منیر کے ورثاء نے نعش کے حصول کے لئے پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔
تازہ ترین