کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی افواج کے ہاتھوں 5کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔الگ الگ مذمتی بیان میں پیپلزپارٹی کے دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام بند کرائے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کی نسل کشی بند کرے۔بھارتی حکومت انسانی حقوق پامال کر رہی ہے، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کا قتل عام بند کرائے۔دریں اثناء بلاول بھٹوزرداری نے اپنے مذمتی بیان میں کہاکہ عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے بھارت کشمیری عوام کا قتل عام کر رہا ہے، عالمی برادری کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے خلاف بھارتی جارحیت کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھاتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیری شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔