• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج کی سیاست مسترد ، متحدہ اپوزیشن چند سو لوگ بھی اکٹھے نہیں کرسکی ، پرویز خٹک

نوشہرہ (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک نے محمود خان کو صوبے کا وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کے عمران خان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے یہ انتہائی موزوں فیصلہ کیا ہے۔ محمود خان کے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے سے ملاکنڈ کے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی۔ پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں ملاکنڈ کو وزرات اعلیٰ کا پہلا عہدہ عمران خان نے میری مشاورت سے دیا ۔ ہم محمود خان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے صوبے کے وسیع تر مفاد کے لیے ہم محمود خان کا بھر پور ساتھ دیں گے۔ صوبے کے عوام اس فیصلے سے کبھی مایوس نہیں ہوں گے۔ محمود خان ایک خاندانی آدمی ہیں اوراس نے سیاست کو عبادت سمجھا ہے۔ عمران خان نے محمود خان کے حوالے سے مجھے سے بھر پور مشاورت کی ہے اور میں نے اس فیصلہ کی بھر پور تائید کی ۔آئندہ بھی صوبے اور ملک کے بہتر مفادمیں فیصلے آرہے ہیں۔ میں عمران خان کا ساتھی ہوں۔ میرے حوالے سے عمران خان نے جو فیصلہ کیا وہ مجھے قابل قبول ہوگا۔ عمران خان کی ہدایت پر میں چاروںصوبوں اور وفاق میں بھر پور خدمت کروں گا۔ اپوزیشن کاواویلا بے وقت کی راگنی ہے ۔ عوام نے اپوزیشن کی ا حتجاجی سیاست کومسترد کردیا۔ متحدہ اپوزیشن چند سو لوگ بھی اکٹھے نہیں کرسکی۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے نوشہرہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اہم فیصلوں میں میرے ساتھ مشاورت کی ہے اور محمود خان کے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کرنے کے فیصلے کے حوالے سے بھی عمران خان نے میرے ساتھ مشاور ت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود عمران خان کو کہا ہے کہ2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن نے سوفیصد نتیجہ دیا ہے اور صوبے کی تاریخ میں کبھی ملاکنڈ ڈویژن کو وزارت اعلی کامنصب نہیں دیا۔ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے اس فیصلے سے ملاکنڈ کے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی ۔پرویز خٹک نے کہا کہ۔مجھے عمران خان پربھرپوراعتماد ہے ،اپوزیشن نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دی مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وہ چند سو لوگوں کو بھی اکٹھا نہ کرسکی۔ اپوزیشن کاایجنڈا صرف اور صرف کرپشن ہے۔ عوام نے اپوزیشن کو 2018 کے انتخابات میں یکسر مسترد کردیا اور تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ نامزد وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔ ایک نیا اور باوقار پاکستان بن کر ابھر ے گا۔
تازہ ترین