• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

خوبصورت سیڑھیاں ... کریں گھر کی رونق میں اضافہ

خوبصورت سیڑھیاں ... کریں گھر کی رونق میں اضافہ

گھر میں موجود سیڑھیاں ایک منزل سے دوسرے منزل پر جانے کے علاوہ گھر کی رونق بڑھانے کا سبب بھی بنتی ہیں، بشرطیکہ ان کے لیے وَضع قَطع کا انتخاب بہترین انداز میں کیا گیا ہو۔ گھر کی تزئین و نو ہو یا پھر تعمیر، سیڑھیوںکے لیے خوبصورت ڈیزائن اور ان کی سجاوٹ ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق سیڑھیوں کو غیر دلچسپ اور آرائش کے بنابالکل بھی نہیں ہونا چاہیے۔ گھر کی خوبصورتی میں سیڑھیوں کا تخلیقی،جدیداور افسانوی ڈیزائن مکینوںکے طرززندگی اور اعلیٰ ذوق کو ظاہر کرتا ہے۔ 

سیڑھیوں کے لیے لکڑی،کنکریٹ، شیشہ اور اسٹیل جیسے مٹیریل کا انتخاب کیا جاتا ہے، جنہیں آپ اپنی خواہش کے مطابق منتخب کرسکتے ہیں۔ اگر آپ بھی گھر کی تعمیرکا ارادہ رکھتے ہیں اور سیڑھیوں کے لیے کچھ تخلیقی اور افسانوی ڈیزائن کی تلاش میں ہیں تو آج کی تحریر آپ کے لیے سود مند ثابت ہوسکتی ہے، توآئیے بات کرلیتے ہیںسیڑھیوں کے کچھ دلکش رجحانات کی۔

خوبصورت سیڑھیاں ... کریں گھر کی رونق میں اضافہ

مڑا ہوا چکر دار خاکہ

اگر آپ کا گھر دو مرلہ، تین مرلہ یا پھر اس سے بڑا ہے تو سیڑھیوں کا مڑا ہوا چکر دار خاکہ آپ کے گھر کے لیے بہترین انتخاب بن سکتا ہے۔ یہ ایک ایسااسٹائل ہے جو کبھی آؤٹ آف فیشن نہیں ہوتااور اس ڈیزائن کے لیے مختلف مٹیریل بھی موجود ہیں۔ اس طرح کی سیڑھیوں کو آپ کنکریٹ اور لکڑی دونوں کے ملاپ کے ساتھ تعمیر کرواسکتے ہیں یا پھر لکڑی اور شیشے کا امتزاج بھی آپ کے گھر کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ اسٹائل تاریخی خصوصیات کا حامل ہےلیکن رنگوں اور جدید مواد کا امتزاج اسے کسی بھی ٹرینڈ میں سرفہرست جگہ دلانے کے قابل بناتا ہے۔ اس ڈیزائن کو اپناتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ یہ خاکہ آپ کے گھر کے مرکز کی اچھی خاصی جگہ گھیرتا ہے۔

گلاس خاکہ

شیشہ گھروں کی تعمیر کی اہم ضرورت بنتا جارہا ہے کہیں شیشے کے دروازے تو کہیں شیشے کی کھڑکیاں، حتیٰ کہ شیشے کی چھتیں اور فرش بھی آجکل ٹرینڈ کا حصہ بننے لگے ہیں۔ اس رجحان کو دیکھتے ہوئے اب شیشے کی سیڑھیاں بھی بنا ئی جارہی ہیں۔ شیشے کی سیڑھیوں کی تعمیر کے لیے شیشے کے مضبوط مواد کو سیڑھیوں کے اسٹیپ کے لیےباقاعدہ طور پر استعمال کیا جاتا ہے، یہ منفرد انداز قدرے مہنگا ہے ۔ ان سیڑھیوں کو مضبوط کرنے کے لئےا سٹیل کی ریلنگ کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے، جو نہ صرف آپ کو سہارا دے گی بلکہ شیشوں کے ساتھ اس کو اپنی مرضی کے مطابق رنگ بھی کیا جا سکتا ہے۔

دہرا خاکہ

اگر آپ کا گھر کشادہ ہے تو دہری سیڑھیاں آپ کے گھر کو محل جیسی خوبصورتی فراہم کرسکتی ہیں۔ اس انداز کے تحت عام طور پر سیدھے اسٹائل کی دو سیڑھیاں دائیں اور بائیں طرف نکالی جاتی ہیں۔ یہ سیڑھیاں کنکریٹ سے تعمیر کی جاتی ہیں لیکن بے حد خوبصورت اور دلکش محسوس ہوتی ہیں۔

مرحلہ وار خاکہ

اس خاکے کے تحت سیڑھیوں کی تعمیر دو مرحلوں میں کی جاتی ہے۔ پہلے مرحلے میں گرِل نہ ہونے کی وجہ سے بظاہر سیڑھیوں پر زیادہ جگہ محسوس ہوتی ہے، تاہم دوسرے مرحلے میں حفاظتی نقطۂ نظر کی وجہ سے کالے رنگ کی گِرل لگائی جاتی ہے۔ بچوں والے گھر میں ہم یہ سیڑھی تعمیرکرنے کی تجویز نہیں دیں گےکیونکہ یہ سیڑھی کایہ خاکہ بچوں کےلیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔

زگ زیگ خاکہ

گھر میں تعمیر کی جانے والی سیڑھیوں کے لیے زگ زیگ اسٹائل گزشتہ برس سے کافی زیادہ مقبول ہوا ہے۔ زگ زیگ اسٹائل میں سیڑھیوں کی ایک لمبی فہرست موجود ہے مثلاً سیدھا زگ زیگ، مڑا ہوا زگ زیگ ، زگ زیگ کیس،زگ زیگ رائل یا پھر گلاس زگ زیگ۔ زگ زیگ خاکہ عام طور پر لکڑی کی سیڑھیوں کے لیے منتخب کیا جاتا ہے، جسے لیونگ روم، بیسمنٹ یا پھرراہداری کے پاس والی جگہوں پر لگایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد ان حصوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنا ہوتا ہے۔ اگر آپ کے گھر میں جگہ محدود ہے تو دیوار کی سائیڈ پرزگ زیگ اسٹائل کے ساتھ ریلنگ کا انتخاب کرکے جگہ کو کشادہ کیا جاسکتا ہے۔

ماڈرن خاکہ

اگر آپ کے پاس جگہ کم ہے لیکن آپ خوبصورت خاکے والی سیڑھی تعمیر کرنے کے خواہشمند ہیں، تو ماڈرن اسٹا ئل کا چکر دار خاکہ آپ کے گھر کی سیڑھیو ںں کی شان بڑھا سکتا ہے۔ ایسے گھر جہاں جگہ کم ہو تو وہاں کے لیے اس طرح کی چکردار سیڑھیاں بہترین ہیں۔ چڑھنے اور اترنے کے لیے سیڑھی کا یہ بہترین ڈیزائن ہمیشہ سے وقتی تقاضوں سے ہم آہنگ رہا ہے، اس کے علاوہ ہم اسے اپنی ضرورت کے مطابق مختلف قسم کے میٹریل سے بنا سکتے ہیں۔

خوبصورت ریلنگ بھی ضروری ہے

صرف دلکش اور متا ثر کن سیڑھیاں ہی نہیں بلکہ ایک منفرد اور دلچسپ انداز کی ریلنگ بھی آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اچھا اضافہ ثابت ہوسکتی ہے۔ اس لیے سیڑھیوں کے خاکہ کے ساتھ ریلنگ کاانتخاب بھی سوچ سمجھ کر کریں۔ منفرد ریلنگ خود اپنی انفرادیت کی گواہی دیتی نظرآئے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین