سکھر (بیورو رپورٹ) ثانوی و اعلیٰ تعلیمی بورڈ سکھر کی جانب سے سکھر ، گھوٹکی ، خیرپور اور نوشہروفیرز اضلاع کے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے لیے ایچ ایس سی پارٹ ون ( گیارہویں کلاس) کے انرولمنٹ اور رجسٹریشن فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ اکیڈمک سیشن 2018-19کے سلسلے میں ایچ ایس سی پارٹ ون میں شامل ہونے والے طلباء کی فہرستیں 20ستمبر تک انسپکٹر تعلیمی بورڈ سکھر آفس میں ارسال کردی جائیں۔ اسی طرح سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء کے انرولمنٹ اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20ستمبرمقرر کی گئی ہے ، جس کے لیے فارم کسی بھی کام والے دنوں کے دوران بورڈ کی متعلقہ برانچ میں100روپے فیس کی ادائیگی کے ساتھ حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے امیدوار وں کے انرولمنٹ فارم اور رجسٹریشن فارم انسپکٹر تعلیمی بورڈ سکھر کے آفس میں 12اکتوبرتک ارسال کیے جائیں ۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے تمام گروپس کے ریگولر امیدواروں کے لیے انرولمنٹ فی 550 روپے جبکہ پرائیویٹ امیدوارں کے لیے رجسٹریشن فیس 1200 روپے مقرر کی گئی ہے ۔