راشدی خاندان سے تعلق رکھنے والی اور مسلم لیگ فنگشنل سے اپنا سیاسی سفر شروع کرنے والی ماروی راشدی پیپلزپارٹی میں کیسے آئیں؟ اُن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سے کوئی پارٹی نہیں چلتی، خواتین کو اللہ تعالیٰ نے اس طرح تخلیق کیا ہے کہ وہ بیک وقت اپنے خاندان کو چلانے کے ساتھ ساتھ دیگر فرائض بھی انجام دیتی ہیں۔
ماروی راشدی نے حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے اور پارٹی نے انہیں خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن سندھ اسمبلی کے لیے نامزد کیا ہے۔
انہوں نے ’جنگ ویب‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بارے میں بتایا کہ ان کا تعلق پیرصاحب پگارا کے خاندان سے ہے ، اور وہ ضلع خیرپور میں پیدا ہوئیں، جبکہ وہ اپنے خاندان کی پہلی گریجویٹ خاتون ہیں۔ان کے مطابق انکے تین بھائی اور ایک بہن ہیں جن میںان کا دوسرانمبر ہے۔
اس سوال پر کہ سیاست میں کیسے آئیں؟ ماروی راشدی کا کہنا تھا کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، لیکن جیسے ہی انہوں نے ماسٹرز کیا ، تو کئی سیاسی جماعتوں نے انہیںشمولیت کی دعوت دی جس پرانہوں نے اپنے خاندان کی مشاورت سے 2008 میںفنکشنل لیگ میں شمولیت اختیار کی ۔بعدازاں وہ فنکشنل لیگ کی جانب سےرکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئیں۔
مسلم لیگ فنکشنل کے بارے میں ان سے دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’’میرا وہاں کافی اچھا وقت گزرا ہم وہاں پر کئی مسائل پر کھل کر گفتگو کرتے اور ان کو حل کرنے کی کوشش کرتے تھے‘‘پیپلز پارٹی میں شمولیت کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کوئی نئی پارٹی نہیں ہے ،کوئی پارٹی سوشل میڈیا سے نہیں چلتی اور میرے حساب سے سندھ کے مسائل پر آواز اٹھانے والی پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو جب بھی اقتدار میں آئی اس نے پاکستان کے مسائل حل کیے ہیں اور آئندہ بھی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں رہتے ہوئے ہم مسائل حل کریں گے اور عوام کی بھرپور خدمت کریں گے کیونکہ عوام نے ہی ووٹ دے کر ہمیں یہاں تک پہنچایا ہے۔
اپنے خاندان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ماروی راشدی نے بتایا کہ ان کے3 بیٹے ہیں ۔
سیاست اور خاندان کو وقت دینے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بہت مشکل پیش آتی ہے ،لیکن ان میں توازن کرنا ہی اصل آرٹ ہے۔ تاہم بچے چھوٹے تھے اسی وجہ سے میں نے 5 سال کا وقفہ لیا ۔ اور اب ایک بار پھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے عوام کی خدمت کے لیے سرگرم ہوں۔گھر ، ملازمت یا سیاست میں حصہ لینے والی خواتین کے حوالے سے انتہائی پرعزم ماروی راشدی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے عورتوں کوکئی طرح کے کام ایک ساتھکرنے کی صلاحیت عطا کی ہے۔ اسی لیے ہم ایک وقت میں کئی کام کرجاتے ہیں اور میں ایسی خواتین کو سلام پیش کرتی ہوں۔
رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ماروی راشدی چاہتی ہیں کہ پچھلے دور میں جو کام نا مکمل رہ گئے انہیں تکمیل تک پہنچائیں بالخصوص تعلیم وصحت پر توجہ دینے کا پکا ارادہ ہے۔
انہوں نے ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوم کی مشکلات کوحل کرنے کی کوشش بھرپورکوشش کریں گےجہاں عورتوں کیساتھ زیادتی ہورہی ہے وہاں ان کی مدد کریں گے ۔