• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اسماعیل گورنر سندھ، پنجاب کے لئے وزیراعلیٰ کانام فائنل، عمران میانوالی کی نشست رکھیں گے

اسلام آباد (جنگ نیوز،ایجنسیاں) تحریک انصاف نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئےنام فائنل کرلیا گیا ہے آئندہ 48گھنٹوں میں فیصلہ ہوجائیگا۔ عمران خان میانوالی کی نشست رکھیں گے جبکہ دیگر چار نشستیں چھوڑ دیں گے۔ تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے تحفظات کا جائزہ لیا جائیگا، سب سےبڑا چیلنج معیشت اور روزگار کے مواقع ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام ارکان پارلیمنٹ کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بنی گالا میں پارٹی اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف ،بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو دعوت دی جائے گی۔ ان کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی کی حکومت اپوزیشن کو ساتھ لیکرچلےگی، تحفظات دورکرنےکی ہرممکن کوشش کی جائیگی۔ انہوں نےکہاکہ پارلیمان کومضبوط بنانے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لیکرچلیں گے اوراپوزیشن کےجوبھی مطالبات ہیں ان پرغوروفکر کیا جائے گا۔ ہماراسب سے بڑا چیلنج معیشت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نےیہ بھی کہا کہ عمران خان 5قومی اسمبلی کی نشستوں سے کامیاب ہوئے، انہوں نے میانوالی کے سوا دیگر سیٹیں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔کفایت شعاری کے اقدامات کو جاری رکھا جائےگا،وزیر اعظم ہاؤس، وزرائے اعلیٰ ہاؤسز اور گورنرزہاؤسز کے اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی رہائش گاہ کا فیصلہ سکیورٹی معاملات کا تجزیہ کرکےکیاجائےگا۔ فوادچوہدری کا کہناتھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئےآئندہ 48 گھنٹوں میں فیصلہ ہوجائیگاجبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئےحتمی فیصلہ کل تک ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ اسد عمر ایف اے ٹی ایف سمیت بین الاقوامی امور پر رابطے میں ہیں جن سے متعلق وہ بریفنگ لے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے نامزد اسپیکر اسد قیصر نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ انتخاب کے سلسلے میں انہیں 180سے زائد ووٹ مل سکتے ہیں ۔ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلوں گا انہوں نےبھی ملک کو درپیش بحرانوں اور چیلنجز سے مل کر نمٹنے کیلئے اپوزیشن سے تعاون مانگ لیا ۔ خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے معاملے پر پرویز خٹک، محمود خان ،عاطف خان اور اسد قیصر میں کوئی اختلافات نہیں ہے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نےہفتہ کو بنی گالہ اسلام آباد میں متوقع وزیراعظم پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ متوقع سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اعلان کیا کہ وہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے قومی اسمبلی کو میرٹ کے مطابق حکومت اپوزیشن کے ساتھ مشترکہ طور پر مل کر چلائیں گے ۔ اپوزیشن کا تعاون درکار رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو 180ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔ ملک کو درپیش بحرانوں، سرحد کی صورتحال ،معاشی حالات اور داخلی مسائل کا تقاضا ہے حکومت اپوزیشن مل کر ان معاملات کا حل نکالے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے مسائل بھی ہیں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات معاشی چیلنجز ،داخلی صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ مشترکہ طور پر آگے بڑھیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پرویز خٹک ،محمود خان ،عاطف خان تینوں بنی گالہ میں حکومت سازی کے معاملات پر مشترکہ مشاورت کرچکے ہیں ۔ ہمارا کوئی ذاتی مسائل نہیں ہے ہم نے عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہے ۔ خیبرپختونخوا میں بھی پرویز خٹک ،محمود خان ،عاطف خان اور اسد قیصر ساتھ ساتھ ہیں ۔
تازہ ترین