• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’چترال تا کراچی قوم نواز شریف کے ساتھ ہے‘‘


مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چترال سے کراچی تک قوم نواز شریف کے ساتھ ہے اور ان کے لیے دعا گو ہے۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وہاں موجود میاں شہباز شریف نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کو جلد رہائی ملے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان اور سینیٹ ارکان نواز شریف سے ملاقات کے لیے آئے، جیسا سلوک نواز شریف سے کیا گیا ایسا رویہ کسی دہشت گرد سے بھی روا نہیں رکھا جاتا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے منظم طریقے سے یہاں احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، ٹرائل کورٹ نے نواز شریف کو کرپشن کے الزام سے بری کیا۔

علاوہ ازیں بازو پر سیاہ پٹی باندھے میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاہ پٹیاں باندھی ہیں، اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا ہے نواز شریف کو جس طرح عدالت میں پیش کیا گیا اس پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، نواز شریف نے پارلیمنٹ میں بھرپور کردار ادا کرنے کا پیغام دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کی ترقی اور عظیم مملکت بننے کی دعا کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے اتحاد کو دو ہفتے ہوئے ہیں، متفقہ فیصلہ تھا کہ وزیراعظم کے لیے امیدوار ن لیگ سے ہوگا، جبکہ اسپیکر پیپلز پارٹی سے اور ڈپٹی اسپیکر ایم ایم اے کا ہوگا۔

شہبازشریف نے مزید کہ کہ ن لیگ متحدہ اپوزیشن کے فیصلوں کی مکمل پاسداری کرے گی، الیکشن کمیشن ذمےداری کی ادائیگی میں مکمل ناکام رہا نگراں حکومت پہلےہی جانبداربن چکی تھی ۔

صدر ن لیگ نے اپیل کی کہ نواز شریف کی باوقار اور باعزت رہائی کے لیے قوم دعا کرے، نواز شریف کی سزا پر مقدمے کا صفحہ 171ان کی بے گناہی کی گواہی دے رہا ہے۔

میاں شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف استغاثہ کرپشن کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

تازہ ترین