دُنیا میں بہت سے لوگ ہیں جو پتھروں کے روحانی،سحری اور طبیعاتی اثرات پر یقین رکھتے ہیں۔ عزت، دولت، شہرت، پیار کا حصول، کامیابی، روحانی اطمینان اور جسمانی صحت، یہ کچھ وجوہات ہیں جن کی بنا پر لوگ اپنے لیے موافق پتھر کا انتخاب کرتے ہیں۔ قیمتی پتھروں پر یقین رکھنا صرف عام افراد تک ہی محدود نہیں، بالی ووڈ کے کئی بڑے ستارے بھی ان پر یقین رکھتے ہیں۔ آپ کو بھارتی سپراسٹار سلمان خان کا وہ قیمتی فیروزی پتھر والا بریسلٹ تو ضرور یاد ہوگا، جسے وہ ہر جگہ پہنے رکھتے ہیں۔ یہ بریسلٹ انھیں ان کے والد سلیم خان نے تحفے میں دیا تھا۔ سلمان کا ماننا ہے کہ یہ پتھر انھیں نظرِبد سے محفوظ رکھتا ہے۔
امیتابھ بچن بھی قیمتی پتھروں پر بہت یقین رکھتے ہیں، وہ نیلم (Blue Sapphire)کو اپنا ’لکی چارم‘ تصور کرتے ہیں۔ شلپا سیٹھی، زمرد (Emerald)کو پسند کرتی ہیں۔ کرینہ کپور خان کبھی موتی (Pearl)تو کبھی مونگا یا ساحلی مرجان (Coral)پہنتی ہیں۔ اے آر رحمان اور ایشوریہ رائے بھی نیلم پتھر کے متوالے ہیں۔ ایشوریہ رائے ہیرا بھی پہنتی ہیں۔ اجے دیوگن، پکھراج (Yellow Sapphire)اور موتی پہنتے ہیں۔ اسی طرح آپ نے دیکھا ہوگا کہ ایکتا کپور کی انگلیاں ہر وقت قیمتی پتھروں سے سجی رہتی ہیں، جن میں وہ بیک وقت ہیرا (Diamond)، مونگا، زمرد اور پکھراج پہنے رکھتی ہیں۔
اگر آپ اپنے لیے موافق پتھر کی تلاش میں ہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ اپنی پیدائش کے مہینے کے لحاظ سے کون سا پتھر پہن سکتے/سکتی ہیں۔
جنوری:یاقوت
قدیم دور ہی سے اسے خوش قسمتی کا پتھر کہا جاتا ہے۔ اگر آپ اس مہینے میں پیدا ہوئے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ مہم جو اور اپنی دھن کے پکے ہیں۔ آپ دوسرے لوگوں کے ساتھ اپنے تعلق کی قدر کرتے ہیںاور اپنی اہمیت سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔ لیکن یاد رکھیں کہ کسی بھی چیز کوسر پر سوار نہ کریں بلکہ ہر چیز کو نارمل انداز میں لیں۔
فروری:نیلم
زمانہ قدیم سے مشہور ہے کہ جولوگ یہ پتھر پہنتے ہیں وہ تاریکی سے دور ہوتے چلے جاتے ہیں۔ اس ماہ میں پیدا ہونے والے لوگ بہت ذہین ہوتے ہیں اور دوسروں کو عزت دیتے ہیں۔ آپ کی صحبت میں لوگ بہت پرسکون اور آرام دہ رہتے ہیں۔
مارچ:آبِ بحر
آب بحر جسے Aquamarineکہتے ہیں، ایک لاطینی لفظ ہے، جس کے معنی سمندری پانی کے ہوتے ہیں۔اس کو پہننے والے طوفان سے محفوظ رہتے ہیں اور زندگی میں توازن کو پسند کرتے ہیں۔ یہ بہت انصاف پسند ہوتے ہیں جس کی وجہ سے لوگ انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔ سفر کے دوران یہ چیزو ں کا بخوبی مطالعہ کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔
اپریل:ہیرا
ہیرے کا شمار دنیا کی سخت ترین چیزوں میں ہوتا ہے اور اس کو پہننے والے لوگ مشکل حالات کا مقابلہ سختی سے کرتے ہیں۔ یہ پتھر محبت اور لافانی پیار کی نشانی بھی سمجھا جاتا ہے، اس کو پہننے والے محبت کے امین ہوتے ہیں۔
مئی :زمرد
معروف رومن شہنشاہ نیرو جنگجوؤںکی لڑائی دیکھنے کے لیے اس پتھر کا استعمال کرتا تھا، جس کی وجہ سے یہ شاندار نظر کی ایک علامت بن گیا۔ یاد رہے کہ یہاں بہترین نظر سے مراد ظاہری نظر نہیںبلکہ زندگی کے نشیب و فراز ہیں، جس پر آپ کی گہری نظر ہوتی ہے۔ اس ماہ میں پیدا ہونے والے لوگ اپنے عزائم میں بلند اور واضح ہوتے ہیں۔
جون:موتی
ایسے لوگ قدرت کے قریب ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ حساس ہوتے ہیں، یہ دوسرے لوگوں کا خیال رکھتے ہیں اور اپنے کسی بھی عمل سے دوسروں کا دل نہیں دُکھاتے۔آپ کے دوست آپ کی استقامت کی داد دیتے ہیں اور ساتھ ہی آپ کی صحبت میں خوش رہتے ہیں۔ آپ بھی انہیں ہنساکر خوشی محسوس کرتے ہیں۔
جولائی:یاقوتِ سُرخ
ایسے لوگ زندگی میں ایکشن پسند کرتے ہیں اور بہت باہمت ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ دوستی کرنے میں دیر لگاتے ہیں لیکن جس کے ساتھ دوستی ہوجائے تو ہر قیمت پر یاری نبھانے پر یقین رکھتے ہیں۔
اگست :سبز قیمتی پتھر
یہ سورج کے ساتھ منسلک پتھر ہے، جس کی وجہ سے اس مہینے میں پیدا ہونے والے لوگ سورج کی طرح روشن ہوتے ہیں اور دوسروں کے لیے روشنی پیدا کرتے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بعد یہی لوگ ہوتے ہیں جو دوسروں کو خوش کرکے ہنسانے پر یقین رکھتے ہیں۔
ستمبر:نیلم
یہ لوگ کسی بھی طرح کی جعلی اور بناوٹی چیزوں سے نفرت کرتے ہیں۔ محنت کی وجہ سے ان لوگوں کو بہت جلد اہم منصب مل جاتا ہے لیکن یہ اس کا بہت متوازن استعمال کرتے ہیں اور کبھی بھی کسی کونقصان نہیں پہنچاتے۔
اکتوبر:اوپل
یہ پتھر اپنے قوس قزح جیسے رنگوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ قوس قزح کی طرح، اس پتھر کو پہننے والے مختلف رنگوں و نسل کے لوگوں سے مل کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ یہ تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہونے کی وجہ سے ہروقت کوئی نئی چیز کرتے رہتے ہیں اور ان کی زندگی بوریت کا شکار نہیں ہوتی۔یہ بہت جلد جذباتی ہوجاتے ہیں اور اس عادت کی وجہ سے بڑی سے بڑی غلطی کو جلد معاف کرنے کے ساتھ بھول بھی جاتے ہیں۔
نومبر:پکھراج
یہ خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں اور ان کے فیملی ممبرز اور دوستوں کو اس بات کا اچھی طرح علم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ آپ پر بھروسہ کرتے ہیں۔ آپ بہت زیادہ خوش رہنے والے اور مشکل سے مشکل حالات کا بھی خندہ پیشانی سے مقابلہ کرنے والے ہوتے ہیں۔ آپ کا ماننا ہے کہ جب کوئی مشکل آتی ہے تواس سے نکلنے کے لیے راستہ موجود ہوتا ہے۔
دسمبر:فیروزہ
یہ پتھر دنیا کی چیدہ چیدہ جگہوں پر ملتا ہے، ایسے لوگ بہت عقلمند ہوتے ہیں جس کی وجہ سے لوگ ان سے مشورہ کرنا پسند کرتے ہیں۔ آپ اپنے اردگرد موجودلوگوں کا بہت زیادہ خیال رکھتے ہیں اور وہ آپ کے فیصلوں کو سراہتے ہیں۔